*گوادر میں تمام اسکول فعال ، بہت جلد پورے صوبے میں کوئی بھی سرکاری اسکول بند نہیں رہے گا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی

*گوادر میں تمام اسکول فعال ، بہت جلد پورے صوبے میں کوئی بھی سرکاری اسکول بند نہیں رہے گا کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں ہوگا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں غیر فعال سرکاری اسکولوں کی بحالی کے عمل میں تیزی سے پیش رفت جاری ہے اور صوبائی حکومت تعلیم کے شعبے میں عملی اور ٹھوس اصلاحات کے ذریعے تاریخی تبدیلی لا رہی ہے۔ سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ضلع گوادر صوبے بھر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلوچستان کا پہلا ضلع بن گیا ہے جہاں کوئی بھی سرکاری اسکول غیر فعال نہیں رہا گوادر میں 313 سرکاری پرائمری، مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکول مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں جو صوبائی حکومت کی تعلیمی پالیسیوں کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ محکمہ تعلیم بلوچستان کے متعلقہ حکام نے تحریری طور پر تصدیق کر دی ہے کہ ضلع گوادر میں کوئی بھی سرکاری اسکول بند نہیں، جبکہ تمام اسکولوں کی فعالیت کا باقاعدہ سرٹیفکیٹ بھی جاری کر دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ اس شفاف طریقہ کار سے نہ صرف تعلیمی نظام پر عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے بلکہ میرٹ اور احتساب کو بھی یقینی بنایا گیا ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ضلع گوادر کی انتظامیہ اور تعلیمی حکام کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی اور کہا کہ محنت، دیانت داری اور ٹیم ورک کے باعث یہ تاریخی کامیابی ممکن ہوئی انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر اضلاع بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ غیر فعال اسکولوں کی بحالی کے عمل کو مکمل کریں گےمیر سرفراز بگٹی نے بلوچستان کی عوام سے کیے گئے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ بہت جلد پورے صوبے میں کوئی بھی سرکاری اسکول بند نہیں رہے گا اور کوئی بچہ تعلیم سے محروم نہیں ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ تعلیم ہی بلوچستان کے روشن مستقبل، سماجی ترقی اور پائیدار استحکام کی بنیاد ہے اور صوبائی حکومت اس شعبے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.