کوئٹہ میں بلوچستان ہائیکورٹ کے سامنے شاہد رند کی وزیراعلی بلوچستان کے معاون برائے سیاسی و میڈیا امور کے طور پر کی گئی تقرری کو آئینی درخواست کے ذریعے چیلنج کر دیا گیا ہے۔ یہ آئینی درخواست عبدالصادق خلجی ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کر لیا۔آئینی درخواست پر سماعت جسٹس نجم الدین مینگل نے کی۔ درخواست گزار کے وکیل عبدالصادق خلجی ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ شاہد رند کی بطور معاون وزیراعلی تقرری آئین و قانون کے منافی ہے، کیونکہ موجودہ قوانین وزیراعلی بلوچستان کو اس نوعیت کی تقرری کا اختیار نہیں دیتے۔درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ سپریم کورٹ اور ہائیکورٹس اس قسم کی تقرریوں کے خلاف پہلے بھی فیصلے دے چکی ہیں، جن میں غیر آئینی مشیروں، کوآرڈینیٹرز اور ترجمانوں کی تعیناتیوں کو کالعدم قرار دیا گیا تھا۔عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد وزیراعلی بلوچستان، چیف سیکرٹری بلوچستان اور شاہد رند کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئینی درخواست کی مزید سماعت عدالتی تعطیلات کے بعد تک ملتوی کر دی۔واضح رہے کہ عبدالصادق خلجی ایڈووکیٹ اس سے قبل بھی ترجمانوں اور کوآرڈینیٹرز کی غیر آئینی تقرریوں کو متعدد بار عدالت میں چیلنج کر چکے ہیں۔
Comments 0