اسپیکر بلوچستان اسمبلی کیپٹن(ر)عبدالخالق اچکزئی نے گیس شیڈول و لوڈ شیڈنگ سے متعلق سوئی سدرن گیس کمپنی سے رپورٹ طلب کرلی۔ پیر کے روز بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں ارکان اسمبلی شاہدہ رئوف ،میررحمت صالح بلوچ ودیگر کی جانب سے گیس کی لوڈشیڈنگ اور نئے شیڈول سے متعلق مسئلہ ایوان میں اٹھایاگیا رکن صوبائی اسمبلی شاہدہ رئوف نے گیس کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق معاملہ ایوان میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ گیس کمپنی کی جانب سے گیس سے متعلق حال ہی میں شیڈول جاری کی گئی ہے لیکن سوئی سدرن گیس کمپنی اپنی ہی شیڈول کو فالو نہیں کررہی پہلے ہم بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سنتے تھے لیکن اب گیس کی لوڈ شیڈنگ نے عوام کو اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تو بنیادی سہولیات سے بھی کوئٹہ کے شہریوں کو محروم رکھا جا رہا ہے ،رکن اسمبلی رحمت صالح بلوچ نے کہاکہ بلوچستان کے عوام گیس پائپوں سے آنے والی ہوا کا بل ادا کررہے ہیںلیکن گیس میسر نہیں ہوتی،اس حوالے سے سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام کو طلب کرکے معاملہ اٹھایاجائے ۔جس پر اسپیکر بلوچستان اسمبلی نے رولنگ دی کہ سوئی سدرن گیس کمپنی کے حکام سے گیس کی لوڈشیڈنگ اور نئی شیڈول سے متعلق رپورٹ طلب کی جائے۔
Comments 0