پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی، عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگاوزیراعظم محمد شہباز شریف

پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی، عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگاوزیراعظم محمد شہباز شریف
اسلام آباد(اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں مکمل ہونے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہےکہ نجکاری کے بعد پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی اور عوام کو نہ صرف بہترین سفری سہولیات فراہم ہوں گی بلکہ پاکستان کا نام بھی بلند ہوگا۔ وہ جمعرات کو یہاں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی نجکاری کے حوالے سے حکومت اور عارف حبیب کنسورشیم کے مابین ٹرانزیکشن کی دستاویزات پر دستخط و تبادلے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیراعظم کے مشیر محمد علی سمیت اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کی تقریب تاریخی اہمیت کی حامل ہے جس پر قوم کو مبارکباد دیتا ہوں، پی آئی اے کی نجکاری کا عمل شفاف انداز میں بخوبی انجام کو پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ عارف حبیب کنسورشیم کا ملکی صنعتی ترقی اور خوشحالی کے لئے کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ نجکاری کے بعد پی آئی اے مسافروں کے لئے آرام دہ سفر، ان کے تحفظ اور وقار کو یقینی بنائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کا ہوا بازی کے شعبے میں اہم مقام تھا اور نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پی آئی اے کا ڈنکا بجتا تھا اور ’’گریٹ پیپل ٹو فلائی ود‘‘ کا سلوگن پی آئی اے کی پہچان تھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ پرامید ہیں کہ پی آئی اے کی عظمت رفتہ بحال ہوگی، سہولتوں کی بہتری سے ادارے کا معیار بھی بہتر ہوگا۔ انہوں نے نجکاری کے کامیاب عمل میں تمام شراکت داروں کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور حکومتی ٹیم نے اس سلسلے میں جو کردار ادا کیا وہ بے مثال ہے، نجکاری کے عمل میں بھرپور شرکت پر کنسورشیم کا کردار بھی لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مشیر نجکاری محمد علی کے پرائیویٹائزیشن کے عمل میں اہم کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ تمام چیلنجز پر قابو پاتے ہوئے انتہائی شفاف انداز میں نجکاری مکمل ہوئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بولی کا سارا عمل براہ راست دکھایا گیا ، نجکاری کے بعد پی آئی اے پر سرمایہ کاری میں سے 55 ارب روپے قومی خزانے میں آئیں گے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.