کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کوئٹہ شہر کے مختلف برساتی نالوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کوئٹہ ڈویژن ظہور احمد، ایکسیئن ایریگیشن جلیل احمد سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور انجینئرز بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو مین سٹی نالے کے مختلف حصوں میزان چوک، زرغون روڈ، جیل روڈ ہدہ، یونیورسٹی نالہ، لوڑکاریز نالہ اور کیچی بیگ نالے کا معائنہ کروایا گیا۔ معائنے کے دوران انہیں نالوں کی صفائی کی صورتحال، تجاوزات، غیر قانونی قبضوں اور مرمتی منصوبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے بیشتر برساتی نالے کچرے، تجاوزات اور قبضوں کے باعث اپنی اصل گنجائش کھو چکے ہیں، جس کی وجہ سے برساتی پانی کے بہاؤ میں شدید رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالوں میں رکاوٹ کے باعث بارش کا پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہو جاتا ہے جس سے شہریوں کو مشکلات اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے مزید کہا کہ عوام کی جانب سے برساتی نالوں میں کوڑا کرکٹ پھینکنا بھی ایک سنگین مسئلہ ہے، جس کے نتیجے میں نالے اکثر چوک ہو جاتے ہیں اور انہیں کھولنے کے لیے بھاری مشینری اور اضافی اخراجات برداشت کرنا پڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں عوام کو بھی اپنی ذمہ داری کا احساس کرنا ہوگا۔انہوں نے ہدایت کی کہ شہر کے تمام برساتی نالوں پر تجاوزات اور غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کے لیے ایک جامع پلان مرتب کیا جائے۔ اس مقصد کے لیے باقاعدہ سروے کر کے یہ تعین کیا جائے کہ نالوں پر کتنے فٹ تک قبضہ کیا گیا ہے، جس کے بعد مرحلہ وار اور قانونی طریقے سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے حکمت عملی ترتیب دی جائے گی۔کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ شہر بھر کے تمام برساتی نالوں میں صفائی کے عمل کو فوری طور پر تیز کیا جائے تاکہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت دی کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں برساتی نالوں کو پختہ کرنے کے منصوبے پی ایس ڈی پی میں شامل کیے جائیں تاکہ مستقل بنیادوں پر اس مسئلے کا حل ممکن بنایا جا سکے۔
Comments 0