ترجمان صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے)کے مطابق ایف سی قلعہ میاں غنڈی، لک پاس میں شدید برفباری کے باعث پارکنگ شیڈ منہدم ہو گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ بھاری مقدار میں جمع ہونے والی برف کے دبا کے باعث شیڈ کی ساخت کو شدید نقصان پہنچا، تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پی ڈی ایم اے کی ٹیموں نے فوری رسپانس دیا۔ترجمان کے مطابق موقع پر فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا اور متاثرہ گاڑیوں کو بغیر کسی تاخیر کے بحفاظت نکال لیا گیا۔ ریسکیو آپریشن ڈپٹی ڈائریکٹر آر ایم پی ڈی ایم اے سلمان عزیز کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ بروقت کارروائی کے باعث کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ شدید موسمی صورتحال کے پیش نظر پی ڈی ایم اے بلوچستان مسلسل صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔دوسری جانب وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر شدید برفباری کے باوجود بلوچستان کی تمام اہم شاہراہیں کھلی رکھی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق بلوچستان سے سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا کو ملانے والی قومی و صوبائی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بحال ہے۔چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی نگرانی میں ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے جہانزیب خان، ڈائریکٹرز عطااللہ مینگل، فیصل نسیم، فیصل طارق، نوید شیخ اور ڈپٹی ڈائریکٹر اصغر جمالی سمیت دیگر افسران ریسکیو فورس کے ہمراہ فیلڈ میں موجود اورصورتحال کی نگرانی کررہے ہیں جبکہ پی ڈی ایم اے کی ٹیمیں ہیوی مشینری کے ساتھ برف ہٹانے کے عمل میں مصروف ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پی ڈی ایم اے بلوچستان کے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے بلوچستان سے فوری رابطہ کریں۔
Comments 0