بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (بی ایچ سی سی )نے مریضوں کے تحفظ اور طبی قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ کے علاقے برما ہوٹل، سریاب روڈ میں غیر رجسٹرڈ اور غیر مستند ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کے خلاف کریک ڈائون کیا۔کارروائی کے دوران ایک غیر رجسٹرڈ حجامہ سینٹر کو سیل کرتے ہوئے جرمانہ عائد کیا گیا، جبکہ ایک ڈینٹل کلینک پر بھی جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ پانچ جنرل پریکٹیشنر (جی پی)کلینکس اور دو ڈینٹل کلینکس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔ مزید برآں ایک پولی کلینک، ایک لیبارٹری اور ایک فزیوتھراپی سینٹر کو بھی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیے گئے۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے مطابق یہ کارروائیاں بی ایچ سی سی کے لائسنسنگ اور ریگولیٹری تقاضوں پر عمل نہ کرنے کے باعث کی گئیں۔ کمیشن نے واضح کیا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 کے تحت تمام ہیلتھ کیئر اسٹیبلشمنٹس کے لیے رجسٹریشن اور لائسنس کا حصول لازمی ہے۔بی ایچ سی سی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ غیر معیاری اور غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خاتمے، طبی معیار کے نفاذ اور عوام کو غیر محفوظ علاج سے بچانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ کمیشن نے عوام سے اپیل کی کہ وہ صرف بی ایچ سی سی سے رجسٹرڈ طبی مراکز سے ہی علاج معالجہ کرائیں تاکہ محفوظ، معیاری اور ضابطہ شدہ صحت کی سہولیات کو یقینی بنایا جا سکے۔
Comments 0