مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اور بلوچستان کی تعلیم: بڑھتے چیلنجز، فوری پالیسی اقدامات کی ضرورت

مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اور بلوچستان کی تعلیم: بڑھتے چیلنجز، فوری پالیسی اقدامات کی ضرورت
مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور جنگی صورتحال کے اثرات دنیا کے دیگر خطوں کی طرح بلوچستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں، اور ان اثرات کا ایک اہم پہلو تعلیمی شعبہ ہے۔ عالمی سطح پر تنازعات نہ صرف معیشت اور توانائی کے بحران کو جنم دیتے ہیں بلکہ سماجی ڈھانچے، بالخصوص تعلیم، کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ بلوچستان جیسے پہلے ہی تعلیمی پسماندگی کے شکار صوبے کیلئے یہ صورتحال مزید پیچیدگیاں پیدا کر سکتی ہے۔ بلوچستان میں تعلیمی ادارے پہلے ہی بنیادی سہولیات کی کمی، اساتذہ کی قلت، سیکیورٹی خدشات اور انفراسٹرکچر کے مسائل سے دوچار ہیں۔ ایسے میں اگر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ، مہنگائی اور مالی دباؤ بڑھتا ہے تو اس کے براہِ راست اثرات تعلیمی بجٹ، ترقیاتی منصوبوں اور اسکولوں کی فعالیت پر پڑتے ہیں۔ والدین کی معاشی مشکلات میں اضافہ بچوں کی تعلیم کے تسلسل کو متاثر کرتا ہے، جس کے نتیجے میں ڈراپ آؤٹ ریٹ بڑھنے کا خدشہ ہوتا ہے۔ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کا ایک اہم اثر افرادی قوت اور ترسیلاتِ زر پر بھی پڑتا ہے۔ بلوچستان کے کئی خاندانوں کا انحصار بیرون ملک، خصوصاً خلیجی ممالک میں کام کرنے والے افراد کی آمدن پر ہے۔ اگر وہاں معاشی یا سیکیورٹی حالات خراب ہوتے ہیں تو یہ آمدن متاثر ہو سکتی ہے، جس کا براہِ راست اثر بچوں کی تعلیم پر پڑتا ہے۔ مزید برآں، عالمی کشیدگی کے باعث ریاستی توجہ اور وسائل کا رخ سیکیورٹی اور دیگر ہنگامی معاملات کی طرف منتقل ہو سکتا ہے، جس سے تعلیم جیسے شعبے کو نظرانداز کیے جانے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔ بلوچستان میں پہلے ہی کئی تعلیمی منصوبے سست روی کا شکار ہیں، اور ایسے حالات میں ان کی تکمیل مزید تاخیر کا شکار ہو سکتی ہے۔ ان چیلنجز کے باوجود، صورتحال کا تقاضا ہے کہ بلوچستان میں تعلیم کو ترجیحی بنیادوں پر محفوظ اور مستحکم رکھا جائے۔ اس سلسلے میں چند عملی اقدامات ناگزیر ہیں: حکومت کو چاہیے کہ تعلیم کے بجٹ کو ہر صورت میں محفوظ رکھا جائے اور اسے کسی بھی عالمی دباؤ کے باوجود کم نہ کیا جائے۔ تعلیمی اخراجات کو ترقیاتی ترجیحات میں سرفہرست رکھا جائے تاکہ اسکولوں کی فعالیت متاثر نہ ہو۔ دور دراز علاقوں میں متبادل تعلیمی نظام، جیسے ڈیجیٹل لرننگ اور کمیونٹی بیسڈ اسکولز کو فروغ دیا جائے۔ اگرچہ بلوچستان میں انٹرنیٹ کی سہولیات محدود ہیں، تاہم مقامی سطح پر کم لاگت حل، جیسے آف لائن ڈیجیٹل مواد اور ریڈیو پروگرامز، متعارف کروائے جا سکتے ہیں۔ اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر بھرتیاں کی جائیں اور موجودہ اساتذہ کی تربیت پر توجہ دی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں دور دراز علاقوں میں خدمات انجام دینے کیلئے مراعات بھی فراہم کی جائیں۔ غریب اور متاثرہ خاندانوں کے بچوں کیلئے خصوصی تعلیمی معاونت پروگرامز شروع کیے جائیں، جن میں وظائف، مفت کتابیں اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات شامل ہوں، تاکہ معاشی دباؤ کے باوجود بچے تعلیم جاری رکھ سکیں۔ سیکیورٹی کے خدشات کے پیش نظر تعلیمی اداروں کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور کمیونٹی کی شمولیت کے ذریعے اسکولوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے۔ یہ کہنا بجا ہوگا کہ عالمی تنازعات کے اثرات سے مکمل طور پر بچنا ممکن نہیں، لیکن مؤثر پالیسی سازی اور بروقت اقدامات کے ذریعے ان کے منفی اثرات کو کم کیا جا سکتا ہے۔ بلوچستان کے مستقبل کا دارومدار اس کے نوجوانوں کی تعلیم پر ہے، اور یہ ذمہ داری حکومت، معاشرے اور تمام متعلقہ اداروں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ ہر حال میں اس چراغ کو روشن رکھیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.