وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان اس وقت شدید موسمی ہنگامی صورتحال سے دوچار ہے جس کے باعث صوبے بھر میں انسانی جانوں کے تحفظ اور متاثرہ علاقوں تک بنیادی ضروریات کی فراہمی کے لیے صوبائی حکومت کی پوری مشینری غیر معمولی اور ہمہ گیر آپریشن میں مصروف ہے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صورتحال محض ایک قدرتی آفت نہیں بلکہ یہ براہِ راست انسانی جانوں کے بچاؤ کا مرحلہ ہے جس میں ہر لمحہ قیمتی ہے۔ ایسے نازک وقت میں مجھے اطلاع ملی ہے کہ بعض سیاسی اور غیر سیاسی عناصر آئندہ دنوں میں احتجاج اور سڑکوں کی بندش کا ارادہ رکھتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے واضح الفاظ میں کہا کہ اس بحرانی کیفیت میں احتجاج کی کال دینا سیاست نہیں بلکہ جان بوجھ کر انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی بندش اور احتجاج نہ صرف ریسکیو سرگرمیوں میں رکاوٹ بنیں گے بلکہ متاثرہ افراد تک امدادی سامان، خوراک اور طبی سہولیات کی فراہمی کو بھی سبوتاڑ کرنے کے مترادف ہوں گے۔ ایسی کسی بھی کوشش کا نتیجہ براہِ راست عوام کی زندگیوں پر پڑے گا، جس کی اجازت کسی صورت نہیں دی جا سکتی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے دوٹوک انداز میں کہا کہ صوبائی حکومت کی توجہ مکمل طور پر عوام کے تحفظ پر مرکوز ہے اور اس ہدف سے توجہ ہٹانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں کہا کہ مطالبات اور اختلافات بعد میں بھی زیر بحث آ سکتے ہیں، لیکن عوام کی جانیں انتظار نہیں کر سکتیں میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ اس نازک گھڑی میں عوام کے راستے میں رکاوٹ بننے کے بجائے ان کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے انہوں نے اپیل کی کہ تمام سیاسی و سماجی قوتیں ذمہ داری کا مظاہرہ کریں، حکومت کے ساتھ تعاون کریں اور عوام کی بقا اور سلامتی کو ہر چیز پر مقدم رکھیں۔
Comments 0