بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی کوئٹہ و خضدار میں کارروائیاں، اسپتالوں اور طبی مراکز کی رجسٹریشن و معیارات کی جانچ

بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی کوئٹہ و خضدار میں کارروائیاں، اسپتالوں اور طبی مراکز کی رجسٹریشن و معیارات کی جانچ
بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن (BHCC) نے صوبے میں معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کوئٹہ اور خضدار میں مختلف صحت کے مراکز کا معائنہ اور ریگولیٹری کارروائیاں انجام دیں۔فوکل پرنس ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق بی ایچ سی سی نے کوئٹہ میں واقع راحت ہسپتال میں رجسٹریشن کی فزیکل ویریفکیشن کی، جو بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 اور متعلقہ قواعد و ضوابط کے تحت ریگولیٹری نگرانی کا حصہ تھی۔ دورے کے دوران ہسپتال انتظامیہ اور عملے کے لیے کلیدی مریض تحفظ کے شعبہ جات (Key Patient Safety Areas) سے متعلق ایک آگاہی اور تربیتی سیشن بھی منعقد کیا گیا، جس میں مریضوں کے تحفظ کے کلچر کے فروغ، طبی سہولیات کے معیار میں بہتری اور کلینیکل گورننس کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔دریں اثنا، بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ٹیم نے خضدار میں بھی مختلف طبی مراکز کے ریگولیٹری دورے کیے۔ ان دوروں کے دوران 3 نجی ہسپتالوں، 4 جنرل پریکٹیشنرز (جی پیز) کلینکس اور 2 لیبارٹریز کا معائنہ کیا گیا۔ معائنے کے دوران جن مراکز کو بی ایچ سی سی کے ساتھ درست رجسٹریشن کے بغیر کام کرتے ہوئے پایا گیا، انہیں وارننگ جاری کرتے ہوئے مقررہ مدت میں رجسٹریشن مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی، جیسا کہ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ 2019 میں درج ہے۔بی ایچ سی سی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد طبی خدمات کی فراہمی میں ریگولیٹری کمپلائنس، مریضوں کے تحفظ اور معیار کی یقین دہانی کو یقینی بنانا ہے۔ کمیشن نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ غیر منظم اور غیر معیاری طبی پریکٹسز کے خاتمے اور پورے بلوچستان میں معیاری، محفوظ اور جوابدہ صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے معائنوں، استعداد سازی اور مسلسل رابطے کا عمل جاری رکھے گا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.