وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کی زیر صدارت ملک بھر میں گیس کی فراہمی، موسم سرما میں لوڈ مینجمنٹ اور صارفین کی شکایات کے ازالے سے متعلق اجلاس

وفاقی وزیرِ پیٹرولیم کی زیر صدارت ملک بھر میں گیس کی فراہمی، موسم سرما میں لوڈ مینجمنٹ اور صارفین کی شکایات کے ازالے سے متعلق اجلاس
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے ملک بھر میں گیس کی فراہمی، موسم سرما میں لوڈ مینجمنٹ اور صارفین کی شکایات کے ازالے سے متعلق صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں اوگرا آڈٹ رپورٹ کے تحت شکایات کے ازالے کیلئے سروس اسٹینڈرڈز پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ترجمان پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق اجلاس کو سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) اور سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی جانب سے جاری موسمِ سرما کے دوران گیس کی فراہمی کے انتظامات پر بریفنگ دی گئی۔ کمپنیوں نے آگاہ کیا کہ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کی ہدایات کے مطابق گھریلو صارفین کو موسمِ سرما میں زیادہ سے زیادہ عوامی ریلیف یقینی بنانے کیلئے گیس کی فراہمی میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ ایس این جی پی ایل نے بتایا کہ دسمبر 2025 میں دسمبر 2024 کے مقابلے میں 95 ایم ایم سی ایف ڈی اضافی گیس فراہم کی گئی جبکہ ایس ایس جی سی نے اسی مدت کے دوران گزشتہ سال کے مقابلے میں 32 ایم ایم سی ایف ڈی زائد گیس فراہم کی۔ وفاقی وزیر نے اطمینان کا اظہار کیا کہ اس موسمِ سرما میں گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی گزشتہ موسمِ سرما کے مقابلے میں بہتر رہی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ گیس نیٹ ورک کے ٹیل اینڈز پر آئی او ٹی پر مبنی مانیٹرنگ سسٹمز / ٹاؤن بارڈر سسٹم نصب کیا گیا ہے، جو پریشر میں کمی کی صورت میں خودکار طور پر الارم جاری کرتا ہے۔ اس اقدام کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے ایس ایس جی سی کو ہدایت کی کہ وہ بالخصوص ٹیل اینڈ علاقوں کے لیے پریشر مینجمنٹ اور الارم سسٹمز کو مزید بہتر بنائے تاکہ بروقت ردِعمل اور بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ عوام کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، کسٹمر سروس کو بہتر بنایا جانا چاہیے اور دونوں سوئی کمپنیاں مناسب گیس پریشر برقرار رکھیں بالخصوص گھریلو صارفین کے لیے مسلسل سروس کی فراہمی یقینی بنائیں۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے اوگرا سروس اسٹینڈرڈز پر عملدرآمد سے متعلق اپنی آڈٹ رپورٹ پیش کی، جس میں شکایات کے اندراج اور ازالے پر توجہ دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق ایس این جی پی ایل میں 98.5 فیصد جبکہ ایس ایس جی سی میں 97 فیصد صارفین کی شکایات اوگرا کے مقررہ معیارات کے مطابق حل کی گئیں۔ مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ شکایات کے ازالے کی توثیق اوگرا کی جانب سے سہ ماہی بنیادوں پر کی جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر سوئی کمپنیوں کو ہدایت کی کہ باقی ماندہ 2 تا 3 فیصد شکایات بھی مکمل طور پر ریگولیٹری معیارات کے مطابق حل کی جائیں۔ وفاقی وزیر نے مزید ہدایت کی کہ ہر شکایت کے حل کے بعد کسٹمر فیڈ بیک سسٹم شامل کیا جائے تاکہ شفافیت، جوابدہی اور سروس کے معیار میں بہتری لائی جا سکے۔ وفاقی وزیر نے گیس کے شعبے میں صارفین کو ریلیف، مؤثر سروس کی فراہمی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور سخت ریگولیٹری عملدرآمد کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.