وزیر اعلیٰ بلوچستان کی مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے نئے سال کی آمد کے موقع پر صوبے کے عوام اور پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ سالِ نو محض کیلنڈر کی تبدیلی کا نام نہیں بلکہ یہ اپنی سوچ، کردار اور اپنے خوابوں کو نئے سرے سے ترتیب دینے کا ایک قیمتی موقع ہے۔ ہمیں انفرادی اور اجتماعی سطح پر یہ جائزہ لینا ہوگا کہ ہم کس طرح ایک بہتر معاشرے کی تشکیل میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزرے ہوئے ایام کی تلخیوں کو مستقبل کی رکاوٹ نہیں بننے دینا چاہیے بلکہ ہمیں ماضی سے سبق اور مستقبل کو امید کی روشنی سے منور کرتے ہوئے، شکووں اور مایوسیوں کو پیچھے چھوڑ کر نئے عزم اور نئی ہمت کے ساتھ اپنی منزل کی جانب قدم بڑھانا چاہیے۔ منفی سوچ اور مایوسی کسی بھی معاشرے کی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی دیوار ہوتی ہے، جسے صرف بلند حوصلے اور مسلسل محنت سے ہی گرایا جا سکتا ہے۔ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ نیا سال ہمیں ایک نئے عزم کے ساتھ وطنِ عزیز کی خدمت کا موقع فراہم کرتا ہے۔ بلوچستان کے عوام میں ہمت اور صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی تمام تر توانائیاں صوبے کی ترقی، تعلیمی شعور کی بیداری اور سماجی انصاف کے قیام پر صرف کریں۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سال 2026ء میں صوبائی حکومت عوامی فلاح کے منصوبوں کو مزید تیزی سے مکمل کرے گی تاکہ عام آدمی کی زندگی میں نمایاں تبدیلی لائی جا سکے۔ ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آنے والے سال کوپاکستان خصوصاً بلوچستان کے لیے امن، سلامتی اور خوشحالی کا سال بنائے اور ہمیں اپنے ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر انسانیت اور ملک کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
Comments 0