یومِ تاسیس بھرپور انداز میں منایا جائے گا، مسلم لیگ (ن) پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، جمال شاہ کاکڑ

یومِ تاسیس بھرپور انداز میں منایا جائے گا، مسلم لیگ (ن) پاکستان کی بقا کی جنگ لڑ رہی ہے، جمال شاہ کاکڑ
کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کا یومِ تاسیس پورے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا، جس کیلئے پارٹی کی تمام ذیلی تنظیموں کو واضح ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت اندرونِ بلوچستان تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں یومِ تاسیس کے حوالے سے پروگراموں کو حتمی شکل دی جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے نوجوانوں پر مشتمل وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) ہمیشہ نوجوانوں کو قیادت کے مواقع فراہم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ ایم ایس ایف پارٹی کی نظریاتی بنیاد ہے اور یومِ تاسیس کی تقریبات میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آج پاکستان کی بقا، استحکام اور ترقی کی جنگ لڑ رہی ہے۔ میاں نواز شریف اور میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملک دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے اور پاکستان ایک بار پھر ایشین ٹائیگر بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری کے حوالے سے عالمی اداروں کی رپورٹس اس امر کی گواہ ہیں کہ پاکستان کی معیشت استحکام کی طرف بڑھ رہی ہے، مہنگائی میں کمی اور معاشی اشاریوں میں بہتری آ رہی ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملک کو بحرانوں سے نکالا ہے اور موجودہ حکومت بھی قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے عوامی فلاح کے منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کے بیانیے کو گھر گھر پہنچائیں اور منفی پروپیگنڈے کا مؤثر انداز میں جواب دیں۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ یومِ تاسیس کی تقریبات نہ صرف پارٹی کی جدوجہد اور قربانیوں کی یاد دہانی ہوں گی بلکہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور جمہوری استحکام کے عزم کی تجدید بھی ثابت ہوں گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.