اسلام آباد (پ ر) وفاقی محتسب پاکستان کے زیرِ اہتمام، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے مرکزی ہیڈ آفس اسلام آباد میں ایک خصوصی اعزازی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کا مرکزی مقصد وفاقی محتسب بلوچستان کے زیرِ انتظام مختلف ریجنل آفسززکے ان افسران کی بے مثال کارکردگی اور لازوال خدمات کو سراہنا تھا، جو مشکل حالات اور چیلنجز کے باوجود عوام کے حقِ شکایت کے تحفظ کے لیے اپنے فرائض بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ اس موقع پر وفاقی محتسب پاکستان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ''بلوچستان کے افسران کی لگن، دیانتداری اور عوامی خدمت کا جذبہ قابلِ رشک ہے۔ انہوں نے نہ صرف انتہائی مشکل جغرافیائی اور انتظامی حالات میں اپنا کام جاری رکھا ہے بلکہ معیاری کارکردگی کے نئے معیار بھی قائم کیے ہیں۔ یہ اعزاز صرف ایک ایوارڈ نہیں، بلکہ ہمارے ان عہدیداروں کے عزم کا اعتراف ہے جو روزانہ کی بنیاد پر انصاف کی فراہمی کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔'' انہوں نے کہا کہ ''پورے پاکستان میں سے چند منتخب بہترین کارکردگی کے حامل افسران کی فہرست میں بلوچستان کے افسروں کا شامل ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ محنت اور خلوصِ نیت کسی بھی چیلنج پر فتح پا سکتے ہیں۔ ان کی خدمات اپنے آپ میں کسی اعزاز سے کم نہیں ہیں۔'' تقریب میں خصوصی طور پر وفاقی محتسب بلوچستان کے ریجنل انچارج و دیگر افسران اور مرکزی ہیڈز کو مدعو کیا گیا تھا، جنہیں ان کی بہترین کارکردگی پر اعزازی سندوں اور شیلڈز سے نوازا گیا۔ اعزاز یافتگان میں درج ذیل افسران شامل ہیں غلام سرور بروہی، ریجنل ہیڈ/ایسوسی ایٹ ایڈوائزر، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس کوئٹہ، محمد کاشف بلوچ، ریجنل ہیڈ/ کنسلٹنٹ IRD، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس خضدار، شہزادہ علائالدین، ریجنل ہیڈ، وفاقی محتسب سیکرٹریٹ ریجنل آفس خاران شامل ہیں۔ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کا یہ اقدام نہ صرف محنتی افسران کی حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے بلکہ اس سے ملازمین میں مثبت مقابلے اور معیاری کارکردگی کا ایک صحت مند رحجان فروغ پانے کی توقع ہے۔ اس سے تمام دفاتر میں احتساب کے عمل کی موثر انجام دہی میں مزید بہتری آئے گی اور عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔واضع رہے کہ وفاقی محتسب سیکرٹریٹ وفاقی محتسب پاکستان ایک آئینی ادارہ ہے جو وفاقی حکومت کے محکموں کے خلاف عوام کی شکایات کی سماعت اور انصاف فراہمی کا فریضہ انجام دیتا ہے۔یہ ادارہ شفافیت، انصاف اور احتساب کے اصولوں پر کاربند ہے۔
Comments 0