عوام کے تعاون سے ہی ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکتا ہے،آئی جی بلوچستان

عوام کے تعاون سے ہی ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکتا ہے،آئی جی بلوچستان
انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہرنے بدھ کے روز زیارت کا دورہ کیا جہاں ڈی آئی جی سبی ڈویژن برکت حسین کھوسہ، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرایاز خان اور دیگر پولیس افسران نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے آئی جی پولیس کو سلامی پیش کی۔دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان نے پولیس دربار سے خطاب کیا، جس میں افسران اور جوانوں نے اپنے مسائل پیش کیے۔ آئی جی پولیس نے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ بعد ازاں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے آئی جی پولیس کو ضلع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پولیس محمد طاہر نے اس موقع پر کہا کہ عوام کے تعاون سے ہی ملک دشمن عناصر اور دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا اور پولیس کا محکمہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کیلئے قائم کیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے بلوچستان پولیس دیگر سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مربوط رابطے میں ہے اور مشترکہ حکمتِ عملی کے تحت اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.