وزیراعظم شہباز شریف کی پاور ڈویژن کو بجلی کے ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کی پاور ڈویژن کو بجلی کے ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت
اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاور ڈویژن کو بجلی کے ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کے لیے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کرنے کے لئے تمام توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے، صنعتوں کو علاقائی مسابقتی نرخوں پر بجلی کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے کے حوالے سے تشکیل دیئے گئے نجی شعبے کے ورکنگ گروپ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جو وزیر اعظم کی صدارت میں پیر کو یہاں منعقد ہوا۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کو معاشی ترقی کے لیے توانائی کے شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے سفارشات پیش کی گئیں۔ وزیراعظم نے وزیر پاور ڈویژن کو بجلی کے ویلنگ چارجز کو مناسب سطح پر لانے کے لیے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دیگر شعبوں میں بنائے گئے مختلف ورکنگ گروپس کی سفارشات مکمل ہونے کے بعد معیشت کی ترقی کا قومی پروگرام ترتیب دیا جائےگا، بجلی کی ترسیل کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے حکومت تمام تر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ صنعتوں کو علاقائی مسابقتی نرخوں پر بجلی ملے۔ وزیراعظم نے شہزاد سلیم کی سربراہی میں نجی شعبے سے مشاورت کے لئے بنائی گئی توانائی کی کمیٹی کی محنت اور کاوشوں کو سراہا۔ اجلاس میں ٹیرف سٹرکچر، بجلی کی ترسیل کے حوالے سے مشکلات، مناسب نرخوں اور بجلی کے شعبے سے متعلق دیگر امور پر سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس کو بجلی کی ٹرانسمیشن اور وولٹیج کے نظام کو قابل اعتماد بنانے کے حوالے سے بھی سفارشات پیش کی گئیں۔ اجلاس میں وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران شریک ہوئے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.