وفاقی وزیر منصوبہ بندی ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ طلبہ پاکستان کا روشن مستقبل ہیں، تحقیق کے بغیر علمی میدان میں ترقی نا ممکن ہے ، ملکی ترقی کیلئے امن ،سیاسی استحکام اورپالیسوں کا تسلسل ناگزیر ہے،قرآن سے دوری مسلمانوں کے زوال کی اصل وجہ ،صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں،میڈیکل تعلیم کی فراہمی میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں 45 ویں سالانہ انٹرنیشنل سائنٹیفک کانفرنس 2025 کی افتتاحی تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی رانا عبدالمنان ، صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا،فیکلٹی ممبران ،اساتذہ طلبہ سمیت دیگر کی کثیر تعداد موجود تھی۔احسن اقبال نے کہاکہ طبی تعلیم کسی بھی معاشرے کے لیے بنیادی ستون ہے، ڈاکٹر صرف ایک پیشہ ور نہیں بلکہ لوگوں کی جان بچانے والے انسانی خدمتگار ہوتے ہیں، صحت کے شعبہ میں تحقیق و تعلیم کا فروغ وقت کا تقاضا ہے،نوجوان قومی اثاثہ اور طلبہ پاکستان کا روشن مستقل ہیں ، حکومت نوجوانوں کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنے اور صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے انقلابی اقدامات اٹھا رہی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی ملک کے لیے خدمات شاندارہیں، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی تعلیم کے فروغ اورصحت کے شعبے میں نمایاں خدمات سرانجام دے رہی ہے جو کہ قابل تحسین ہے۔انہوں نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی میں 45ویں کانفرنس کے منتظمین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ،جنہوں نے طلبہ و محققین کو ریسرچ،انوویشن اور صحت کے مستقبل پر کام کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا ۔انہوں نے کہاکہ مسلمان اپنا شاندار ماضی رکھتے ہیں ، جب تک مسلمانوں کا تعلق قرآن سے رہا انہوں نے کئی سوسالوں تک دنیا پر حکمرانی کی جبکہ آج ہم اپنی اصل سے پیچھے ہٹ چکے ہیں،علم اور تحقیق کے میدان میں بہت پیچھے رہ گئے جس کی وجہ سے زوال پذیر ہو گئے ہیں،ہمیں کامیابی کے لیے اپنے اصل پر لوٹنا ہو گا ،قرآن ہمارا پاور ہائوس جو علم کی طرف مائل کرتا اور کائنات کی گھتیاں سلجھانے کی دعوت دیتا ہے،
قرآن میں کہا گیا ہے کہ اس میں نشانیاں ہیں عقل اور بصارت والوں کے لئے ،ہم نے کائنات کی گھتیوں پر غور کرنا اور تحقیق و ریسرچ کو اپنانا ہے ، اسی میں ہی آگے بڑھنے کے راستے موجود ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) نے ہمیشہ اس ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی کوشش کی ۔انہوں نے کہا کہ جس طرح کسی بھی مرض کی تشخیص کئے بغیر مریض کا علاج نہیں کیا جاسکتا،اسی طرح ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے امن ،سیاسی استحکام ،پالیسوں کا تسلسل اوراصلاحات کو آگے بڑھنا بہت ضرور ی ہے ۔تقریب کے آخر میں احسن اقبال نے شرکاء میں شیلڈ تقسیم کیں جبکہ پرنسپل کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج نے وفاقی وزیر کو سوینیئر پیش کیا۔
Comments 0