وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کے روز پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ میں مکمل کیے گئے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا وزیر اعلیٰ نے پولیس ٹریننگ کالج آمد پر شہداء کی یادگار پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک و صوبے کے امن و استحکام کے لیے دعا کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے پولیس ٹریننگ کالج میں جدید طرز پر تعمیر کیے گئے فٹ بال گراؤنڈ اور نیو میس کا باضابطہ افتتاح کیا انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں سہولیات کی بہتری کا مقصد پولیس جوانوں کو بہتر تربیتی ماحول، معیاری رہائش اور صحت مند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہے تاکہ وہ مستقبل میں اپنے فرائض پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دے سکیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان پولیس نے مشکل حالات میں ریاستی رِٹ کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، اور حکومت بلوچستان پولیس کی فلاح و بہبود، تربیت اور استعداد کار میں اضافے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے انہوں نے کہا کہ پولیس ٹریننگ کالج میں مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبے نہ صرف ادارے کے انفراسٹرکچر کو مضبوط کریں گے بلکہ زیرِ تربیت اور حاضر سروس پولیس اہلکاروں کی جسمانی، ذہنی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں بھی بہتری لائیں گے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبائی حکومت وسائل کی دستیابی کے مطابق بلوچستان پولیس کو جدید سہولیات فراہم کرتی رہے گی تاکہ پولیس فورس کو ایک مضبوط، باصلاحیت اور مؤثر ادارہ بنایا جا سکے اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس بلوچستان محمد طاہر خان، کمانڈنٹ پولیس ٹریننگ کالج کوئٹہ شہزاد اکبر اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔
Comments 0