عوامی خدمت حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر شہیدسکندرآباد سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ

عوامی خدمت حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے،ڈپٹی کمشنر شہیدسکندرآباد سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ
حکومت بلوچستان کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شہید سکندر آباد سوراب صاحبزادہ نجیب اللہ کی زیر صدارت مرکزی جامع مسجد سوراب میں ایک تاریخی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں عوام کو براہِ راست اپنے مسائل پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔اس تاریخی کھلی کچہری میں شہریوں نے پانی، بجلی، گیس، صحت، تعلیم، سڑکوں، صفائی ستھرائی اور امن و امان سے متعلق درپیش مسائل کھل کر بیان کیے۔کھلی کچہری میں ضلع کے تمام اہم سرکاری اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران نے شرکت کی، جن میں ایس پی شہید سکندر آباد سوراب اختر محمد اچکزئی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سلمان علی بلیدی، 61 ونگ ایف سی کے میجر عباس، اسسٹنٹ کمشنر سوراب شئے اکبر علی بلوچ، ڈی ایس پی محمد یونس مگسی سمیت مختلف محکموں کے ضلعی افسران شامل تھے۔ اس موقع پر معززین علاقہ،سول سوسائٹی کے نمائندگان، صحافیوں اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، ڈپٹی کمشنر صاحبزادہ نجیب اللہ نے متعدد درخواستوں پر موقع پر ہی احکامات جاری کیے، جبکہ دیگر مسائل کے حل کے لیے متعلقہ محکموں کو فوری اور مؤثر اقدامات کی ہدایات دی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوامی خدمت حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ BSDI اسکیم کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت، معیاری اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا تاکہ عوام کو براہِ راست اور دیرپا فوائد حاصل ہو سکیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے فوری حل کے لیے آئندہ بھی کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔شرکاء نے اس تاریخی کھلی کچہری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے عوام دوست اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ اس طرزِ حکمرانی سے عوامی مسائل میں نمایاں کمی آئے گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.