ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینکنگ کا ایک سال مکمل، عالمی ترسیلاتِ زر میں نئی شراکت داری ، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینکنگ کا ایک سال مکمل، عالمی ترسیلاتِ زر میں نئی شراکت داری ، وفاقی وزیر آئی ٹی شزہ فاطمہ خواجہ
وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ایزی پیسہ کو ڈیجیٹل بینک کے طور پر ایک سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ڈیجیٹل معیشت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے مربوط اور ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔یہ بات انہوں نے ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی ڈیجیٹل بینکنگ آپریشنز کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے اپنی ڈیجیٹل بینکنگ آپریشنز کی پہلی سالگرہ کے موقع پر مقامی ہوٹل میں سٹیک ہولڈرز کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا جہاں ڈیجیٹل مالیاتی شعبے میں بینک کی ایک سالہ کارکردگی، مستقبل کے اہداف اور عالمی ترسیلاتِ زر کے حوالے سے ایک اہم شراکت داری کا اعلان کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے ایزی پیسہ کو ڈیجیٹل بینک کے طور پر ایک سال مکمل کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق ڈیجیٹل معیشت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لئے مربوط اور ٹھوس اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ تیز رفتار ڈیجیٹائزیشن نہ صرف پاکستان کے مالیاتی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کر رہی ہے بلکہ آئی ٹی برآمدات میں ریکارڈ اضافے کی صورت میں اس کے مثبت ثمرات بھی سامنے آ رہے ہیں، جو ملکی معیشت کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں۔ ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کی جانب سے بتایا گیا کہ سال 2025 کے دوران ایزی پیسہ پلیٹ فارم کے ذریعے 3.8 ارب سے زائد ٹرانزیکشنز ہوئیں جن کی مجموعی مالیت 15 کھرب روپے سے تجاوز کر گئی۔ تقریب میں بینک کے اس کردار کو اجاگر کیا گیا کہ کس طرح ایزی پیسہ ملک بھر میں ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات تک رسائی بڑھانے، مالی شمولیت کے فروغ اور کیش لیس معیشت کی تشکیل میں مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔عشائیے میں وفاقی وزرا، پالیسی سازوں، ریگولیٹرز، کاروباری رہنماؤں اور میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ یہ تقریب بورڈ چیئرمین عرفان وہاب خان، اینٹ انٹرنیشنل کے صدر ڈگلس فیگن اور ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر و چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب خان کی میزبانی میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر اینٹ انٹرنیشنل کے ورلڈ فرسٹ پلیٹ فارم کے ساتھ ایزی پیسہ کی شراکت داری کے آغاز کا باضابطہ اعلان بھی کیا گیا۔ اعلان کے مطابق اس شراکت داری کے تحت ایزی پیسہ صارفین اب 100 سے زائد ممالک سے 100 سے زیادہ کرنسیوں میں سرحد پار ادائیگیاں اور ترسیلاتِ زر براہِ راست اپنے ایزی پیسہ اکاؤنٹس میں وصول کر سکیں گے۔ اس اقدام سے خلیجی ممالک، برطانیہ اور امریکا جیسے روایتی ترسیلاتی کوریڈورز سے آگے رسائی ممکن ہو گی، جبکہ فری لانسرز، برآمد کنندگان اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو تیز، محفوظ اور آسان مالی سہولت میسر آئے گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ مؤثر پالیسی سازی کے لئے ڈیجیٹل فنانس کے ماہرین کی شمولیت ناگزیر ہے اور کیش لیس معیشت کے حقیقی اور عملی فوائد کو عوام کے سامنے لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کو معیشت کی شفافیت اور دستاویزی عمل کے لئے کلیدی قرار دیا۔بورڈ چیئرمین عرفان وہاب خان نے ایزی پیسہ کے اس سنگِ میل کو پاکستان کے مالیاتی نظام کے لئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے عام شہریوں کو جدید مالیاتی سہولیات تک رسائی دینا ایزی پیسہ کے وژن کا مرکزی حصہ ہے۔ اینٹ انٹرنیشنل کے صدر ڈگلس فیگن نے پاکستان میں جامع ڈیجیٹل مالیاتی مستقبل کی تعمیر کے لیے اینٹ گروپ کے طویل المدتی عزم کا اعادہ کیا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.