باہمی تعاون سے ہی جلوس کو پرامن اور خوش اسلوبی سے اختتام تک پہنچایا جا سکتا ہے،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ

باہمی تعاون سے ہی جلوس کو پرامن اور خوش اسلوبی سے اختتام تک پہنچایا جا سکتا ہے،ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ
ڈپٹی انسپکٹرجنرل پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے کہاہے کہ باہمی تعاون سے ہی جلوس کو پرامن اور خوش اسلوبی سے اختتام تک پہنچایا جا سکتا ہے،سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں کسی کو بھی اس مقدس موقع پر بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ان خیالات کااظہار انہوں نے حضرت علی کے یومِ شہادت کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے منگل کو اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنزآصف خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل کوئٹہ محمد انور کاکڑ، ایس ایس پی دوستین دشتی، مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے صدرعبدالرحیم کاکڑ،، شیعہ کانفرنس کے عاشق حسین،انجمن تاجران کے رحیم آغا، علمائے کرام اور سول سوسائٹی کے اراکین ،سرکل ایس پیز، ایس پی ہیڈکوارٹرز، ایس پی سکیورٹی، فرنٹیئرکور(نارتھ)کے نمائندگان، نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران 21رمضان المبارک کو حضرت علی کی یوم شہادت کے جلوس کی سکیورٹی پلان پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ ڈی آئی جی کوئٹہ نے انجمن تاجران اور شیعہ کانفرنس کے نمائندگان کی تجاویز، مطالبات اور تحفظات کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ جلوس کے پرامن اور محفوظ انعقاد کے لیے تمام ضروری سکیورٹی اقدامات کیے جائیں گے۔اجلاس میں جلوس کے روٹ کی مکمل کلیئرنس، بجلی کی بلا تعطل فراہمی، تجاوزات اور رکاوٹوں کے خاتمے، مثر ٹریفک مینجمنٹ اور روٹ پر فرسٹ ایڈ کیمپس کے قیام کی ہدایات جاری کی گئیں۔ شرکا کی سہولت کے لیے سبیل کے انتظامات کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ڈی آئی جی عمران شوکت نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مربوط رابطہ کاری پر زور دیتے ہوئے کہا کہ باہمی تعاون سے ہی جلوس کو پرامن اور خوش اسلوبی سے اختتام تک پہنچایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سیکیورٹی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں تاجر برادری نے ہمیشہ امن، بھائی چارے اور ہم آہنگی کا پیغام دیا ہے انہوں نے کہاکہ آئندہ بھی شرپسند عناصر کے عزائم ناکام بنائیں گے کسی کو بھی اس مقدس موقع پر بدامنی پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی تمام مکاتبِ فکر سے اپیل ہے کہ اتحاد و یگانگت کا مظاہرہ کرتے ہوئے جلوس کو پرامن بنانے میں اپنا کردار ادا کریں ۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.