پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال رئیسانی نے دکی میں سیکورٹی فورسز پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ شہداء کے خون کے ہر قطرے کا حساب لیاجائے گا، سیکورٹی فورسز کے بہادر جوانوں نے وطن عزیز کی سلامتی واستحکام کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے جس پر پوری قوم کو فخر ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے دکی کے علاقے کلی بختیار خان میں ایف سی کی گاڑی پر ہونے والے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے نہایت بزدلانہ اور افسوسناک قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس حملے میں شہید ہونے والے پانچوں جوان بہادری کی روشن مثال ہیں اور قوم ان کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ بہادر سپاہی وطن عزیز کی سلامتی اور استحکام کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے کہا کہ اس قسم کی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں اور دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ ان شا اللہ شہدا کے ہر خون کے قطرے کا حساب لیا جائے گا۔انہوں نے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔
Comments 0