صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو کی زیرصدارت فیفٹیک کے دفتر میں اعلی سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات، ڈی آئی جی کوئٹہ، ڈی آئی سی ٹی ڈی اعتزاز گوریہ، کمشنرز اور دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ حکام نے گزشتہ روز پیش آنے والے واقعات اور ان پر سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائیوں سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس کے اعلامیے کے مطابق امن و امان کی بہتری کیلئے اہم فیصلے کیے گئے۔ اس موقع پر وزیرداخلہ میر ضیا اللہ لانگو نے کہا کہ عوام کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور امن کی بحالی پولیس اور انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ چند عناصر عوامی املاک اور مفاد عامہ کی سہولیات کو نقصان پہنچا کر عوام دشمنی کر رہے ہیں، تاہم ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی بحالی میں سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں قابل قدر ہیں اور دہشتگردی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اور ادارے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔
Comments 0