کوئٹہ میں سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی عبدالروف بلوچ کی زیرِ صدارت برتھ نوٹیفکیشن ٹول ٹریننگ ماڈیول اور مجوزہ ٹریننگ پلان کے حوالے سے کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میں ایڈیشنل سیکرٹری بلدیات و دیہی ترقی ثناء اللہ قریش، UNICEF بلوچستان کی چائلڈ پروٹیکشن آفیسر نابیہ، عبدالحئی بس ایڈوکیٹ (ممبر این سی آر سی)، سید عباس شاہ (فوکل پرسن سید آر ایم ایس)، عباس ملک (ڈپٹی سیکرٹری محکمہ مذہبی امور)، داؤد مہمند (اسسٹنٹ ڈائریکٹر نادرا)، محمد ابراہیم (ڈپٹی سیکرٹری محکمہ صحت) کے علاوہ محکمہ بلدیات و دیہی ترقی اور لوکل گورنمنٹ کے دیگر اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔اجلاس کے دوران یونیسیف کی جانب سے برتھ نوٹیفکیشن ٹول ٹریننگ ماڈیول اور مجوزہ ٹریننگ پلان کے نفاذ کے طریقہ کار پر مفصل پریزینٹیشن دی گئی۔ پریزنٹیشن میں پیدائش کے اندراج کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ڈیجیٹل نظام کی بہتری، ضلعی و یونین کونسل سطح پر استعداد کار بڑھانے اور متعلقہ عملے کی تربیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی۔شرکاء نے مؤثر ہم آہنگی، شفافیت اور تربیتی سرگرمیوں کے بہتر انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے اپنی اور مؤثر تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر اس امر پر زور دیا گیا کہ پیدائش کے بروقت اندراج سے بچوں کے قانونی حقوق کا تحفظ ممکن بنایا جا سکتا ہے اور صوبے میں درست ڈیٹا کی دستیابی سے حکومتی پالیسی سازی میں بھی بہتری آئے گی۔سیکرٹری بلدیات عبدالرئوف بلوچ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ برتھ رجسٹریشن کا مؤثر نظام نہ صرف بچوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ گڈ گورننس اور عوامی خدمات کی بہتری میں بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے ادارہ جاتی استعداد کار میں اضافے، باہمی تعاون کے فروغ اور بروقت عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ مجوزہ ٹریننگ پلان کو جلد از جلد عملی شکل دی جائے۔اجلاس کے اختتام پر اہم نکات پر اتفاقِ رائے کیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ صوبہ بھر میں مرحلہ وار تربیتی پروگرام شروع کیے جائیں گے تاکہ مقامی حکومتوں کے عملے کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہو اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کی جا سکیں.
Comments 0