نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، گورنر بلوچستان

نوجوانوں کو جدید ہنر سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، گورنر بلوچستان
گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل سے گورنر ہائوس کوئٹہ میںنیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک)کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر حسین بخش مگسی نے جمعرات کے روز ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے میں اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرامز، فنی تعلیم کے فروغ اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ اسکلز ڈویلپمنٹ پر کام نہایت اہمیت کا حامل ہے اور بلوچستان کے نوجوانوں کا مستقبل سنوارنے میں نیوٹیک کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنر مند نوجوان ہی اپنے فن اور مہارت کے ذریعے موجودہ دور کے چیلنجز کا موثر انداز میں مقابلہ کر سکتے ہیں۔گورنر نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی سطح پر بھی طلبہ و طالبات کو جدید تکنیکی علوم اور عملی تربیت کے مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ وہ ڈگری کے ساتھ عملی مہارت بھی حاصل کریں اور ملک و قوم کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، مائنز، ہاسپیٹیلٹی اور دیگر مارکیٹ ڈیمانڈ پر مبنی کورسز وقت کی ضرورت ہیں، جن کے ذریعے نوجوان اندرون و بیرون ملک باعزت روزگار حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وزیراعظم اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے ثمرات بلوچستان کے دور دراز اضلاع تک پہنچائے جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سے مستفید ہو سکیں۔ ڈاکٹر حسین بخش مگسی نے اس موقع پر گورنر کو جاری پروگرامز اور آئندہ منصوبہ بندی سے بھی آگاہ کیا۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.