ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے آفیسران نے پیر کو شہر کے مختلف علاقوں میں گرانفروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے10تندور سیل کرکے 23دکانداروں کو گرفتارکرلیاہے ۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی نے اے پی پی کوبتایاکہ میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق عوام کو ریلیف کی فراہمی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کی جانب سے گرانفروشی کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی کی نگرانی میں تحصیلدار (صدر)نے جوائنٹ روڈ، سمنگلی روڈ اور عالمو چوک پر کارروائی کرتے ہوئے 10 دکانداروں کو گرفتار کر لیا جبکہ 4 تندور سیل کر دیے گئے۔اسی طرح ڈپٹی کمشنر کی زیر نگرانی تحصیلدار سٹی ہمایون کاکڑ نے جناح ٹائون اور شہباز ٹائون میں کریک ڈان کرتے ہوئے 13 دکانداروں کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا اور 6 تندور سیل کر دیے۔ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور گرانفروشی کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ نرخنامے کی خلاف ورزی کی صورت میں فوری طور پر انتظامیہ کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
Comments 0