وفاقی وزارت صحت نے بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کی نمایاں کارکردگی پر تعریفی خط جاری کردیا

وفاقی وزارت صحت نے بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کی نمایاں کارکردگی پر تعریفی خط جاری کردیا
وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز ،ریگولیشن اینڈ کوارڈینیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری بلوچستان کو صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام کی نمایاں کارکردگی پر تعریفی خط جاری کردیا گیا۔ خط میں صوبے میں ٹی بی کی بروقت تشخیص، مریضوں کو معیاری اور مفت علاج کی فراہمی، جدید تشخیصی سہولیات کی توسیع اور دور دراز علاقوں تک سروسز کی رسائی کو سراہا گیا ہے۔ وفاقی وزارت نے مشکل جغرافیائی حالات کے باوجود پروگرام کی مثر حکمت عملی اور ٹیم ورک کو قابلِ تقلید قرار دیا۔خط میں اس امر کا بھی خصوصی ذکر کیا گیا کہ حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت بلوچستان کی سرپرستی اور پالیسی تعاون کے باعث ٹی بی کنٹرول پروگرام بہتر انداز میں اہداف حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ وزارت نے امید ظاہر کی کہ صوبائی حکومت آئندہ بھی عوامی صحت کے شعبے میں اسی جذبے سے اقدامات جاری رکھے گی۔بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کے صوبائی منیجر ڈاکٹرشیر افگن رئیسانی کی قیادت میں جوائنٹ ٹی بی پروگرام ریویو مشن 2025کے دوران پلاننگ ،کوارڈینیشن ،صوبائی وضلعی سطح پر میٹنگز او اس حوالے سے صوبائی وزیر صحت اور محکمہ صحت کی لیڈرشپ کے ہمراہ متحرک کردار ادا کرتے رہے ،وفاقی وزارت صحت نے آئندہ کے لیے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی بی کے مکمل خاتمے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے حکومت بلوچستان اور محکمہ صحت کے ساتھ قریبی تعاون، تکنیکی معاونت اور وسائل کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ صوبے میں اس موذی مرض پر مثر طور پر قابو پایا جاسکے۔خط میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ حکومت پاکستان عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی اور ٹی بی جیسے موذی مرض کے خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی۔صوبائی محکمہ صحت کے حکام نے وفاقی وزارت کی جانب سے اعترافِ کارکردگی کو ٹیم کی انتھک محنت اور حکومت بلوچستان کی صحت دوست پالیسیوں کا ثمر قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹی بی کے مکمل خاتمے کے قومی ہدف کے حصول کے لیے مزید موثر اقدامات کیے جائیں گے۔بلوچستان ٹی بی کنٹرول پروگرام کے صوبائی منیجر ڈاکٹرشیر افگن رئیسانی نے اس اعتراف کو ٹیم کی اجتماعی کاوشوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی عوامی صحت کے شعبے میں بہتری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.