بلوچستاں میں وفاق بہت کچھ کررہا ہے مگر یہاں محرومی اور حقوق نہ ملنے کا رونا دھونا چلتا ہے،وزیر پارلیمانی امور کے جملے پر سینیٹ میں شور شرابہ

بلوچستاں میں وفاق بہت کچھ کررہا ہے مگر یہاں محرومی اور حقوق نہ ملنے کا رونا دھونا چلتا ہے،وزیر پارلیمانی امور کے جملے پر سینیٹ میں شور شرابہ
سینیٹ اجلاس کے دوران بلوچستان کی سڑکوں اور ایم 8 منصوبے پر گرما گرم بحث دیکھنے میں آئی۔ سینیٹر جان محمد بلیدی نے کہا کہ ان کے سوال کے جواب میں جن سڑکوں کا ذکر کیا گیا وہ سی پیک سے پہلے کی ہیں اور ایک سڑک جنرل مشرف کے دور میں بنی جسے بعد میں سی پیک سے جوڑا گیا، انہوں نے استفسار کیا کہ کیا اس کی فنڈنگ بھی سی پیک سے ہو رہی ہے۔ سینیٹر دنیش کمار نے ایم 8 سڑک کی تکمیل میں بیس سال کی تاخیر پر تنقید کرتے ہوئے اسے موٹروے کے نام پر دھبہ قرار دیا اور کہا کہ سنگل رویہ سڑک کو موٹروے کہا جا رہا ہے، جو بلوچستان کے ساتھ ناانصافی ہے۔ انہوں نے امن و امان کے جواز پر بھی سوال اٹھایا۔ وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے مؤقف اختیار کیا کہ ایم 8 سے متعلق بیان کردہ حقائق درست نہیں، ہر سال پی ایس ڈی پی میں پنجاب سے زیادہ فنڈز بلوچستان کو دیے جاتے ہیں اور حکومت صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ہر معاملے پر بلوچستان کی مظلومیت کا تاثر دینا درست نہیں۔ ان ریمارکس پر بلوچستان کے سینیٹرز نے احتجاج کیا، پریذائڈنگ افسر نے الفاظ حذف کرا دیے جس پر طارق فضل چوہدری نے الفاظ واپس لے لیے۔ سینیٹر منظور کاکڑ نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل ایوان میں نہ اٹھائیں تو کہاں کریں، انہوں نے ریمارکس کو بلوچوں کی توہین قرار دیا اور واک آؤٹ کر گئے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.