چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت پیر کونئے تعلیمی سال میں بچوں کے اسکولوں میں داخلہ مہم کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں سکولوں میں طلبہ کے داخلوں میں اضافہ، سکول سے باہر بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنے اور ڈراپ آٹ ریٹ میں کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز اور حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری تعلیم لعل جان جعفر، سپیشل سیکرٹری سکولز عبدالسلام اچکزئی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے اس امر پر زور دیا کہ ایسے بچے جو کسی وجہ سے سکول نہیں جا پا رہے ہیں، انہیں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کیے جائیں۔چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بالخصوص دیہی اور دور دراز علاقوں میں سکول داخلہ مہم کو مزید مثر اور تیز بنایا جائے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں داخلہ مہم کو ایک باقاعدہ مہم کے طور پر چلایا جائے اور ہر سطح پر اس کی نگرانی کی جائے۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ یہ مہم صوبے کے پسماندہ علاقوں میں تعلیم سے محروم بچوں کو تعلیمی شمولیت کا موقع فراہم کرنے کے لیے شروع کی جا رہی ہے۔ اجلاس کے دوران سیکرٹری سکولز نے صوبے کی تعلیمی صورتحال، سکول سے باہر بچوں کے اعداد و شمار اور گزشتہ سال کی داخلہ مہم کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال انرولمنٹ مہم 2026 ایک صوبہ بھر میں شروع کیا گیا ہے جس کا آغاز محکمہ سکول ایجوکیشن نے کیا ہے۔ جس کا مقصد ہر بچے کو تعلیم تک رسائی حاصل ہو اور محکمہ نے 2026 کے لیے 261,012 بچوں کے صوبائی اندراج کا ہدف مقرر کیا ہے، جبکہ گزشتہ برس 2 لاکھ 37 ہزار کا ہدف کامیابی سے ممکن بنایا گیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری نے داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے مختلف اقدامات پر بھی غور کیا گیا جن میں آگاہی مہم کا انعقاد، مساجد کے ذریعے اعلانات، مقامی میڈیا کے ذریعے تشہیر، والدین سے براہ راست رابطہ اور سکولوں میں نئے داخل ہونے والے طلبہ کے لیے خصوصی ویلکم سرگرمیوں کا اہتمام شامل ہیں۔اجلاس کے شرکا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ، محکمہ تعلیم اور منتخب عوامی نمائندے مل کر سکول داخلہ مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بچوں کو تعلیم کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ وزیر اعلی کے ویژن کے مطابق تعلیم کے فروغ کو یقینی بنانے کے لئے تعلیمی اداروں کو فعال بنانے اور اساتذہ کی استعداد کار کو بڑھاتے ہوئے زیادہ سے زیادہ طلبا کو تعلیمی اداروں میں تعلیم کے حصول کیلیے نئے تعلیمی سال کے آغاز پر داخلہ مہم شروع کی ہے۔
Comments 0