بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی لائسنسنگ و ایکریڈیٹیشن ٹیم نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں انصاف نرسری میں واقع الرئوف میڈیکل کمپلیکس کا معائنہ کیا۔یہ انسپیکشن کمیشن کو موصول ہونے والی شکایات کے تناظر میں کی گئی، جس کا مقصد ادارے کی بی ایچ سی سی کے مقررہ ضوابط کے مطابق کارکردگی اور مستند طبی عملے کی موجودگی کی جانچ کرنا تھا۔فوکل پرسن ڈاکٹربسم اللہ کاکڑ کے مطابق دورے کے دوران ٹیم نے مختلف پہلوں کا تفصیلی جائزہ لیا، جن میں مستند ہیلتھ کیئر اسٹاف کی دستیابی اور تصدیق، خدمات کی فراہمی کے معیار، لائسنسنگ اور ریگولیٹری تقاضوں کی پاسداری، اور ادارے کے مجموعی انتظامی و مریضوں کی دیکھ بھال کے نظام شامل تھے۔بی ایچ سی سی کے مطابق صوبے میں محفوظ، معیاری اور قانون کے مطابق طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اس نوعیت کی انسپیکشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔ کمیشن کا کہنا ہے کہ عوامی اعتماد کی بحالی، کلینیکل گورننس کے فروغ اور غیر معیاری یا غیر قانونی طبی سرگرمیوں کے خاتمے کیلئے اقدامات مزید سخت کیے جا رہے ہیں۔بی ایچ سی سی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ معیاری علاج، مریضوں کی حفاظت اور احتساب کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
Comments 0