وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر بات چیت، سعودی عرب اور برادر عوام کے ساتھ کھڑ ے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا

وزیر اعظم کی سعودی ولی عہد سے ٹیلی فون پر بات چیت، سعودی عرب اور برادر عوام کے ساتھ کھڑ ے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا
اسلام آباد۔ (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی قیادت کو تمام فریقین تک پاکستان کی تعمیری سفارتی رسائی بارے اعتماد میں لیتے ہوئے موجودہ بحران میں سعودی عرب کے غیر معمولی تحمل کو سرا ہا ہے اور یقین دلایا ہے کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب اور برادر عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ پی ایم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود سے بدھ کو ٹیلی فون پر بات چیت کی۔ بیان کے مطابق خوشگوار گفتگو کے دوران وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خادمین الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور سعودی عرب کے برادر عوام کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دی۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی وزیراعظم محمد شہباز شریف کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وزیراعظم نے سعودی عرب پر حالیہ حملوں کی پاکستان کی جانب سے شدید مذمت کا اعادہ کرتے ہوئے ایک بار پھر اس مشکل وقت میں مملکت اور اس کے عوام کے لیے پاکستان کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔ موجودہ بحران میں غیر معمولی تحمل کا مظاہرہ کرنے پر مملکت کی قیادت کو سراہتے ہوئے وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان ہمیشہ مملکت سعودی عرب اور برادر عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا جس طرح انہوں نے ہمیشہ پاکستان کی حمایت کی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے فوری طور پر جنگ کے خاتمے اور صورت حال کے معمول پر آنے پر زور دیا تاکہ علاقائی صورتحال کو مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے امت کی صفوں میں اتحاد اور ہم آہنگی پر زور دیا جس کی پہلے سے زیادہ ضرورت ہے۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کو تمام فریقین تک پاکستان کی تعمیری سفارتی رسائی بارے آگاہ کیا جس میں کشیدگی کو کم کرنے اور اختلافات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے پر زور دیا گیا ہے۔سعودی ولی عہد نے پاکستان کی امن کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کے درمیان ہر سطح پر قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔\

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.