بعض قوم پرست جماعتیں محرومی کا بیانیہ بنا کر ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہی ہیں،میر ظہور احمد بلیدی

بعض قوم پرست جماعتیں محرومی کا بیانیہ بنا کر ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہی ہیں،میر ظہور احمد بلیدی
صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات بلوچستان میر ظہور احمد بلیدی نے کہا ہے کہ کچھ قوم پرست جماعتیں محرومی کا بیانیہ بنا کر ترقیاتی منصوبوں کی راہ میں رکاوٹ بنتی رہی ہیں چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، بلوچستان پیکیج، گوادر پورٹ، معدنیاتی منصوبوں، ڈیموں، شاہراہوں اور تعلیمی اداروں سمیت متعدد اہم منصوبوں کی مختلف ادوار میں مخالفت کی گئی حالیہ برسوں میں بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں، بشمول کالجز، ماڈل ٹانز اور ڈیمز کو متنازعہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ محرومی کے بیانیے کو برقرار رکھا جا سکے اور اپنی شکست زدہ سیاست کو زندہ رکھا جا سکے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میر ظہور بلیدی نے کہاکہ بلوچستان میں بعض قوم پرست جماعتیں گزشتہ کئی دہائیوں سے محرومی کا بیانیہ تشکیل دے کر بلوچ نوجوانوں کو ریاست کے خلاف ورغلانے اور اپنی سیاسی حیثیت برقرار رکھنے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 2001 سے اب تک ان جماعتوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی تاکہ ان منصوبوں پر موثر عملدرآمد نہ ہو سکے اور اپنی کمزور ہوتی سیاسی بنیاد کو سہارا دیا جا سکے۔میر ظہور احمد بلیدی نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)، بلوچستان پیکیج، گوادر پورٹ، معدنیاتی منصوبوں، ڈیموں، شاہراہوں اور تعلیمی اداروں سمیت متعدد اہم منصوبوں کی مختلف ادوار میں مخالفت کی گئی۔ ان کے مطابق یہ مخالفت نہ صرف ترقی کی رفتار کو متاثر کرتی رہی بلکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں بھی تاخیر کا سبب بنی۔انہوں نے مزید کہا کہ کیچ اور مکران ڈویژن میں سڑکوں، کالجوں، یونیورسٹیوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں رکاوٹیں ڈالنے، احتجاج کو ہوا دینے اور بعض مواقع پر اپنے دورِ حکومت میں فنڈز کی بندش جیسے اقدامات بھی کیے گئے، جو اب تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔میرظہوربلیدی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں، بشمول کالجز، ماڈل ٹانز اور ڈیمز کو متنازعہ بنانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ محرومی کے بیانیے کو برقرار رکھا جا سکے اور اپنی شکست زدہ سیاست کو زندہ رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت بلوچستان صوبے کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور تمام ترقیاتی منصوبوں کو شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور بلوچستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔میر ظہور احمد بلیدی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حائل ہر رکاوٹ کو دور کرے گی اور صوبے کے عوام کو ترقی کے ثمرات پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.