نائب وزیرِاعظم کی زیر صدارت اجلاس، بچت اور اضافی کفایتی اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا

نائب وزیرِاعظم کی زیر صدارت اجلاس، بچت اور اضافی کفایتی اقدامات کی نگرانی و عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا
اسلام آباد۔(اے پی پی):نائب وزیرِاعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے بچت اور اضافی کفایتی اقدامات کی نگرانی اور عملدرآمد سے متعلق کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیراعظم کے آفس سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق کمیٹی نے موجودہ صورتحال میں مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات کے موثر ہونے کا جائزہ لیا۔ نائب وزیرِاعظم نے وزارتوں اور صوبوں میں پہلے سے منظور شدہ کفایتی اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے اس سلسلے میں اب تک کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، انہوں نے خصوصاً غیر ضروری اخراجات میں کمی اور وسائل کے مؤثر استعمال کو سراہا۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط کریں، مقررہ رہنما اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنائیں اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھیں۔ اجلاس میں وفاقی وزرا برائے خزانہ، پٹرولیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی، اقتصادی امور اور اطلاعات و نشریات کے علاوہ وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، وفاقی سیکرٹریز برائے آئی ٹی اور پٹرولیم، صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.