مادری زبان کسی بھی قوم کی شناخت، ثقافت اور تاریخ کا بنیادی ستون ہوتی ہے،صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ

مادری زبان کسی بھی قوم کی شناخت، ثقافت اور تاریخ کا بنیادی ستون ہوتی ہے،صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ
صوبائی وزیر صحت بلوچستان میر بخت محمد کاکڑ نے کہاہے کہ مادری زبان کسی بھی قوم کی شناخت، ثقافت اور تاریخ کا بنیادی ستون ہوتی ہے۔ اپنی مادری زبان سے محبت دراصل اپنی تہذیبی جڑوں سے وابستگی کا اظہار ہے۔مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان مختلف زبانوں اور ثقافتوں کا گہوارہ ہے جہاں بلوچی، پشتو، براہوی اور دیگر علاقائی زبانیں صدیوں سے علم، ادب اور روایات کو آگے بڑھا رہی ہیں۔ ان زبانوں کا تحفظ اور فروغ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے تاکہ آنے والی نسلیں اپنی شناخت اور ثقافتی ورثے سے جڑی رہیں۔صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ مادری زبان میں تعلیم اور آگاہی نہ صرف تعلیمی معیار کو بہتر بناتی ہے بلکہ صحت عامہ سمیت دیگر شعبوں میں مثر ابلاغ کا ذریعہ بھی بنتی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان مادری زبانوں کے فروغ اور تحفظ کے لیے مثبت اقدامات جاری رکھے گی۔انہوں نے عوام، اساتذہ، ادبا اور سماجی رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ اپنی مادری زبانوں کی ترویج اور تعلیم کے لیے فعال کردار ادا کریں تاکہ لسانی تنوع اور قومی یکجہتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.