قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت، ایل وائی80(این)میزائل اور لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربات قابلِ تحسین ہیں، جمال شاہ کاکڑ

قومی دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت، ایل وائی80(این)میزائل اور لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربات قابلِ تحسین ہیں، جمال شاہ کاکڑ
پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے ایل وائی80(این)میزائل اور جدید لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربات پر مسلح افواج اور دفاعی اداروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابیاں پاکستان کی دفاعی خود کفالت، تکنیکی مہارت اور قومی سلامتی کے مضبوط عزم کی واضح عکاس ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ ایل وائی80(این)ایئر ڈیفنس میزائل سسٹم کا کامیاب تجربہ پاکستان کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مزید موثر اور ناقابلِ تسخیر بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، جو کسی بھی ممکنہ فضائی خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ اسی طرح لوئٹرنگ میونیشن کا کامیاب تجربہ جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ پاکستان کی دفاعی تیاریوں کا عملی ثبوت ہے، جو دشمن کے خلاف بروقت، درست اور موثر کارروائی کی صلاحیت فراہم کرتا ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ہمیشہ پیشہ ورانہ مہارت، قربانی اور عزم کے ساتھ وطنِ عزیز کا دفاع کیا ہے، اور حالیہ دفاعی تجربات اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ پاکستان جدید ٹیکنالوجی کے میدان میں خود انحصاری کی جانب تیزی سے گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی میدان میں یہ کامیابیاں نہ صرف قومی سلامتی کو مضبوط بناتی ہیں بلکہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن، استحکام اور باہمی احترام کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کی دفاعی تیاریوں کا مقصد کسی کے خلاف جارحیت نہیں بلکہ اپنے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانا ہے۔جمال شاہ کاکڑ نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے قومی دفاع، سائنسی تحقیق اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں ادارہ جاتی مضبوطی اور خود کفالت کو ترجیح دی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت پورے ملک کی عوام مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کیلئے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ ایل وائی80(این)میزائل اور لوئٹرنگ میونیشن کے کامیاب تجربات قوم کے حوصلے بلند کرنے اور دشمن کو واضح پیغام دینے کیلئے کافی ہیں کہ پاکستان اپنے دفاع پر مکمل دسترس رکھتا ہے اور کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.