بلوچ ثقافت ہماری شناخت اور فخر ہے، اسے نفرت نہیں بلکہ محبت کا ذریعہ بنائیں گے، نوابزادہ جمال خان رئیسانی

بلوچ ثقافت ہماری شناخت اور فخر ہے، اسے نفرت نہیں بلکہ محبت کا ذریعہ بنائیں گے، نوابزادہ جمال خان رئیسانی
پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ میر جمال خان رئیسانی نے بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بلوچ ثقافت ہماری پہچان، ہماری شناخت اور ہمارا فخر ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچ ثقافت ایک عظیم ورثہ ہے جس کی جڑیں بلوچ ماں کی تربیت، روایات اور اعلی اقدار میں گہری پیوست ہیں۔ عزت، وقار، بہادری، مہمان نوازی اور اتحاد صرف الفاظ نہیں بلکہ ہماری عملی زندگی کا حصہ اور ہمارا اصل زیور ہیں۔نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا کہ ہم سب پر یہ قومی و اخلاقی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اس مقدس ورثے کی حفاظت کریں، اسے فروغ دیں اور آنے والی نسلوں تک صحیح معنوں میں منتقل کریں تاکہ ہماری شناخت مضبوط اور برقرار رہے۔انہوں نے واضح کیا کہ بلوچ ثقافت کو نفرت، تقسیم یا تنگ ذاتی مفادات کے لیے استعمال ہونے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی بلکہ اسے بھائی چارے، محبت اور قومی یکجہتی کے فروغ کا ذریعہ بنایا جائے گا۔انہوں نے ملک بھر کے بلوچوں کو بلوچ کلچر ڈے کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ثقافتی روایات کے تحفظ اور ترویج کے لیے ہر سطح پر کردار ادا کرتے رہیں گے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.