بلوچستان مختلف اقوام، ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے، صوبائی وزیر مواصلات

بلوچستان مختلف اقوام، ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے، صوبائی وزیر مواصلات
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے بلوچستان اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر مواصلات میر سلیم احمد کھوسہ نے کہاہے کہ بلوچستان مختلف اقوام، ثقافتوں اور زبانوں کا حسین امتزاج ہے، جو ایک خوبصورت گلدستے کی مانند ہے۔ اس گلدستے کی ہر زبان ایک منفرد خوشبو اور رنگ رکھتی ہے، جو مجموعی طور پر صوبے کی شناخت کو مضبوط بناتی ہے۔ان خیالات کااظہار انہوں نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچی، پشتو، براہوی، سرائیکی، سندھی، پنجابی، ہزارگی اور دیگر زبانیں بلوچستان کی سماجی ہم آہنگی اور روایتی دانش کی علامت ہیں۔ مادری زبان نہ صرف اظہارِ خیال کا ذریعہ ہے بلکہ یہ نسل در نسل منتقل ہونے والی اقدار، تاریخ اور لوک دانش کی محافظ بھی ہے۔میر سلیم کھوسہ کا کہنا تھا کہ لسانی تنوع کو تقسیم کے بجائے طاقت سمجھنا چاہیے۔ مختلف اقوام کا باہمی احترام اور ایک دوسرے کی زبانوں کو سراہنا ہی حقیقی یکجہتی کی بنیاد ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ تعلیمی، ادبی اور سماجی سطح پر مادری زبانوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں تاکہ نوجوان نسل اپنی تہذیبی شناخت پر فخر کر سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)بلوچستان میں ایسے اقدامات کی حمایت کرتی ہے جو لسانی ہم آہنگی، ثقافتی رابطے اور بین الثقافتی مکالمے کو فروغ دیں، کیونکہ مضبوط معاشرے وہی ہوتے ہیں جو اپنی جڑوں سے جڑے رہتے ہیں اور تنوع کو اپنی طاقت بناتے ہیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.