پاکستان نے تیل و گیس کے 11 بلاکس ایوارڈ کر دیئے، تیل و گیس تلاش میں اگلے تین سال میں 8.66 ارب روپے کی سرمایہ کاری , 276 ملین روپےسماجی بہبود میں خرچ کیے جائیں گے

پاکستان نے تیل و گیس کے 11 بلاکس ایوارڈ کر دیئے، تیل و گیس تلاش میں اگلے تین سال میں 8.66 ارب روپے کی سرمایہ کاری , 276 ملین روپےسماجی بہبود میں خرچ کیے جائیں گے
اسلام آباد۔(اے پی پی):پاکستان نے تیل و گیس کی تلاش کے لیے گیارہ آن شور بلاکس ایوارڈ کر دیئے، جو ملک بھر میں تیل و گیس کی تلاش کی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔جمعرات کو یہاں پٹرولیم کنسیشن معاہدوں اور ایکسپلوریشن لائسنسز پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے شرکت کی۔ الاٹ کیے گئے بلاکس میں سے آٹھ بلوچستان، دو سندھ اور ایک پنجاب میں واقع ہے۔ کامیاب جوائنٹ وینچر شراکت داروں میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)، پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ ، ماری انرجیز لمیٹڈ ، پاکستان آئل فیلڈز لمیٹڈ اور پرائم گلوبل انرجیز شامل ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے پٹرولیم نے اس اقدام کو ملکی سطح پر تلاش کے عمل کو تیز کرنے، سرمایہ کاری کے فروغ اور درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے کی حکومتی کوششوں میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ معاہدوں پر دستخط پاکستان کے اپ سٹریم شعبے میں سرمایہ کاروں کے مضبوط اعتماد کا مظہر ہیں۔ وفاقی وزیر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ حالیہ دریافتیں ترقی اور پیداوار کے مراحل میں مزید سرمایہ کاری کا باعث بنیں گی، روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور درآمدی توانائی پر انحصار کم کرنے میں بامعنی کردار ادا ہوگا۔ انہوں نے تلاش کی سرگرمیوں میں سہولت فراہم کرنے اور سرمایہ کار دوست ماحول کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان کے مقامی توانائی وسائل کی پائیدار ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔ ان معاہدوں سے تیل و گیس تلاش میں اگلے تین سال میں 8.66 ارب روپے کی سرمایہ کاری ہو گی اور 276 ملین روپے سماجی بہبود میں خرچ کیے جائیں گے۔ کمرشل بنیادوں پر ہائیڈروکاربن کی دریافت کی صورت میں فیلڈ ڈویلپمنٹ اور پیداوار کی سرگرمیوں کے لیے مزید لاکھوں ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری متوقع ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.