فوجی فاؤنڈیشن قومی خدمت اور معاشی استحکام کی روشن مثال، 7سال کے دوران 1.6 ٹریلین روپے سے زائد ٹیکس کی ادائیگی

فوجی فاؤنڈیشن قومی خدمت اور معاشی استحکام کی روشن مثال، 7سال کے دوران 1.6 ٹریلین روپے سے زائد ٹیکس کی ادائیگی
اسلام آباد۔4جنوری (اے پی پی):فوجی فاؤنڈیشن قومی خدمت اور معاشی استحکام کی ایک روشن مثال کے طور پر ابھری ہے، جس نے 2024-25 کے دوران 325.7 ارب روپے ٹیکس ادا کیا ہے اور گزشتہ سات سال میں مجموعی طور پر 1.6 ٹریلین روپے سے زائد کا ٹیکس ادا کیا گیاہے۔فاؤنڈیشن سالانہ تقریباً 12 سے 14 ارب روپے ریٹائرڈ فوجیوں، شہیدوں اور بیواؤں کی فلاح و بہبود پر خرچ کرتی ہے۔فوجی فائونڈیشن کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایا کہ فوجی فاؤنڈیشن کے تحت 74 طبی سہولیات کام کر رہی ہیں، جن میں 11 ہسپتال اور 63 کلینک شامل ہیں جہاں 1,940 سے زائد بستروں پر سالانہ 50 لاکھ سے زائد مریضوں کا علاج کیا جاتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ فوجی فاؤنڈیشن 131 تعلیمی ادارے بھی چلا رہی ہے جن میں 75 ہزار سے زائد طلباء زیر تعلیم ہیں۔ اپنے تعلیمی اسکالرشپ پروگرام کے تحت فاؤنڈیشن نے 2024-25 کے دوران 15,000 وظائف کے ذریعے 383.41 ملین روپے تقسیم کیے ہیں۔فوجی فاؤنڈیشن ملک کی آبادی کے پانچ فیصد تقریباً 10 ملین مستحق افراد کی مدد کر رہی ہے جبکہ فائونڈیشن 32,000 سے زیادہ لوگوں کو روزگار بھی فراہم کرتی ہے، اس کی 84 فیصد افرادی قوت بشمول خواتین اور معذور افراد سمیت عام شہریوں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یوریا کھاد کی 60 فیصد ضروریات کو پورا کرکے، فوجی فاؤنڈیشن ملک کیلئے سالانہ 1.5 سے 2 ارب ڈالر کی بچت کرتی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کھاد کی قلت اور گیس کے بحران کے باوجود فاؤنڈیشن نے قیمتوں میں استحکام اور دستیابی کو یقینی بنایا ہے۔ توانائی کے بحران کے دوران بھی فوجی فاؤنڈیشن نے بغیر کسی حکومتی ضمانت کے 330 میگاواٹ سے زیادہ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی اور یہ بجلی مقامی گیس اور ونڈ انرجی کے ذریعے پیدا کرکے قومی توانائی کے نظام کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ پچھلے 70 سالوں سے فوجی فاؤنڈیشن نے یہ ثابت کیا ہے کہ ریٹائرڈ فوجیوں، شہیدوں اور بیواؤں کی فلاح و بہبود ریاست پر بوجھ نہیں ہے، خدمت اور خود انحصاری کے اصولوں پر تعمیر کی گئی فوجی فاؤنڈیشن قومی بہبود اور معاشی استحکام کا ایک مضبوط ستون بن چکی ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.