بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن نے 25میں سے 16مراکز کو ہیلتھ کیئر کمیشن کے معیار پر پورا اترنے پر پرویژنل لائسنس جاری کردئیے ۔بدھ کے روز بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے زیر اہتمام پروویژنل لائسنس کی اجراء سے متعلق کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں تقریب منعقدہوئی ۔تقریب میں سیکرٹری صحت بلوچستان مجیب الرحمن پانیزئی ،عالمی ادارہ صحت بلوچستان کے لیڈر ڈاکٹر اسفند شیرانی ،ماہر طب ڈاکٹر شیرین خان ،بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹوآفیسر ڈاکٹر نور محمد قاضی ،ڈائریکٹر لائسنسنگ ڈاکٹر لبنیٰ خلیل صدیقی سمیت مختلف سرکاری ونجی ہسپتالوں کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس نے شرکت کی۔ بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کی ریگولیشن کے مطابق کلیدی مریضوں کے تحفظ سے متعلق شعبوں (KPSA) کے فارم جمع ہونے کے بعد 25 طبی مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا گیا۔ اس جائزے کے نتیجے میں 16 طبی مراکز معیار پر پورا اترے، جن میں 2 سرکاری اور 12 نجی ہسپتال، 1 سنگل سپیشلٹی کلینک اور 1 جنرل پریکٹیشنر کلینک شامل ہیں، جنہیں پروویژنل لائسنس جاری کیے گئے۔بلوچستان ہیلتھ کیئر کمیشن کا مقصد صوبے بھر میں صحت کے اداروں کو کم سے کم معیارات (MSDS) کے مطابق لانا اور مریضوں کو محفوظ اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔
Comments 0