پاکستان بار کونسل کے رکن منیر احمد خان کاکڑ نے ممبر خیبر پختونخوا بار کونسل اور سابق صدر پشاور بار ایسوسی ایشن علی زمان ایڈووکیٹ کے اسلام آباد سے نامعلوم افراد کے ہاتھوں اغوا کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔منیر احمد خان کاکڑ نے اپنے مذمتی بیان میں کہا کہ ایک سینئر و باوقار قانون دان کا وفاقی دارالحکومت جیسے حساس شہر سے اغوا ہونا ریاستی رٹ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑا کرتا ہے۔ وکلاء رہنماؤں کو نشانہ بنانا دراصل آئین، قانون اور انصاف کے نظام پر حملہ ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے علی زمان ایڈووکیٹ کی بحفاظت بازیابی کو یقینی بنائیں اور اغوا میں ملوث عناصر کو جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔منیر احمد خان کاکڑ نے واضح کیا کہ پاکستان کی وکلاء برادری اس واقعے پر شدید تشویش میں مبتلا ہے اور اگر علی زمان ایڈووکیٹ کی فوری بازیابی اور شفاف تحقیقات نہ کی گئیں تو وکلاء تنظیمیں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرنے پر مجبور ہوں گی۔انہوں نے علی زمان ایڈووکیٹ کے اہلِ خانہ سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلد بحفاظت بازیاب کرائے۔
Comments 0