سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ قابلِ مذمت ،دہشت گردی کے پیچھے دشمن عناصر اور بیرونی سازشیں کارفرما ہیں،سینیٹر سید وقار مہدی

سانحہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ قابلِ مذمت ،دہشت گردی کے پیچھے دشمن عناصر اور بیرونی سازشیں کارفرما ہیں،سینیٹر سید وقار مہدی
اسلام آباد۔ (اے پی پی):سینیٹر سید وقار مہدی نے کہا ہے کہ مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں پیش آنے والا خودکش حملہ نہایت افسوسناک اور قابلِ مذمت سانحہ ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ منگل کو ایوان بالا میں انہوں نے کہا کہ بے گناہ نمازی سجدے کی حالت میں شہید ہوئے جو انتہائی دردناک واقعہ ہے۔ ایوان میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے سینیٹر وقار مہدی نے شہید بچے عون عباس کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ اس نے اپنی جان قربان کر کے سینکڑوں افراد کی زندگیاں بچائیں، اگر وہ دہشت گرد کو نہ روکتا تو جانی نقصان کہیں زیادہ ہو سکتا تھا۔ انہوں نے سفارش کی کہ عون عباس کو بعد از مرگ تمغۂ شجاعت دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے پیچھے دشمن عناصر اور بیرونی سازشیں کارفرما ہیں، تاہم پاکستان کو کبھی بھی ٹکڑوں میں تقسیم نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور شہریوں کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔سینیٹر وقار مہدی نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف پیش کی گئی تجاویز پر سنجیدگی سے عملدرآمد اور انٹیلی جنس نیٹ ورک کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔انہوں نے شہدا کے اہلِ خانہ سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں زخمی ہونے والے کئی افراد اب بھی زیرِ علاج ہیں۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.