وزیرِاعلی بلوچستان یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام کے تحت مزید 61 نوجوانوں کو سعودی عرب اور قطر میں روزگار کے مواقع فراہم کر دیے گئے۔ اس سلسلے میں بدھ کو ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کوئٹہ میں ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی، جس میں منتخب نوجوانوں کو ویزے اور سفری دستاویزات فراہم کی گئیں۔تقریب کا اہتمام بلوچستان ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (بی ٹی ای وی ٹی اے)نے کیا جبکہ منیجنگ ڈائریکٹر بی ٹی ای وی ٹی اے حمود الرحمن مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حمود الرحمن نے کہا کہ نوجوان بیرونِ ملک پاکستان اور بلوچستان کے سفیر ہوتے ہیں، اس لیے ان کی ذمہ داری دوچند ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے کے نوجوانوں کو باعزت روزگار کی فراہمی اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چیف منسٹر یوتھ اسکل ڈویلپمنٹ اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پروگرام قومی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد منصوبہ ہے۔حمود الرحمن نے مزید کہا کہ بیرونِ ملک مقیم نوجوانوں کی جانب سے بھیجی جانے والی ترسیلاتِ زر نہ صرف ان کے اہلِ خانہ کے مالی حالات بہتر کریں گی بلکہ قومی معیشت کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کریں گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ نوجوانوں کو بیرونِ ملک بھیجنے کے عمل کو مزید تیز کیا جا رہا ہے تاکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ نوجوان اس پروگرام سے مستفید ہو سکیں۔تقریب میں شریک نوجوانوں اور ان کے والدین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِاعلی بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور میرٹ پر بیرونِ ملک روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر بی ٹی ای وی ٹی اے غلام مصطفی رئیسانی سمیت ادارے کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
Comments 0