وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ سال وزارت مواصلات کے ریونیو میں 60 ارب روپے کا اضافہ کیا، عبدالعلیم خان نے وزارت مواصلات میں چوری اور لیکجز کم کرکے ریونیو بڑھایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ایکسپورٹرز اور کاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عظیم کاروباری شخصیات نے ملک کا نام روشن کیا، ایکسپورٹرز پاکستان کے عظیم فرزند ہیں، کاروباری شخصیات نے مشکل حالات میں بہترین کام کیا، کاروباری شخصیات نے ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ جب حکومت سنبھالی تو کچھ لوگوں نے کہا پاکستان ڈیفالٹ کرچکا ہے، ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانا ہمارے لیے چیلنج تھا، حکومت سنبھالی تو ملک کی معاشی صورتحال ابتر تھی، پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہوچکی ہے، مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ میں ہے، حکومتی کاوشوں سے ملک دیوالیہ ہونے سے بچا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مل کر پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہوگا، گورنر اسٹیٹ بینک دل بڑا کریں اور تگڑے فیصلے کریں، گورنر اسٹیٹ بینک کاروباری شخصیات کی بات سنیں، حکومتیں کاروبار نہیں کرتیں، کاروبار پرائیویٹ سیکٹر نے کرنا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دوست ممالک سے قرض لیے انہوں نے ہمیں مایوس نہیں کیا، جو قرض لینے جاتا ہے اس کا سر جھکا ہوا ہوتا ہے، کوئی کسی سے مانگنے جاتا ہے تو کمپرومائز کرنا پڑتا ہے، چین، سعودی عرب، قطر، متحدہ عرب امارات نے پاکستان کی مدد کی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جنگ میں پاکستان نے بھارت کو شکست فاش دی، پاکستان کی فتح کو بھارت کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی، جنگ میں فتح کے بعد پاکستان کا دنیا میں نمایاں مقام بن چکا ہے، جنگ میں فتح کے بعد عالمی دوروں کے دوران رویے تبدیل ہوتے دیکھے، پاکستان نے بھارت کے خلاف جنگ جیتی، اپنی دھاک بٹھادی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نامور ایکسپورٹرز کو 2 سال کا بلیو پاسپورٹ دیں گے، پی آئی اے کی انتہائی شفاف نجکاری ہوئی، حکومتی اخراجات کم کرنے کیلئے حقیر کوشش ہورہی ہے، حکومت کے اربوں روپے کے نقصانات ختم ہورہے ہیں، پی ڈبلیو ڈی انتہائی کرپٹ ادارہ تھا، بند کردیا، یوٹیلیٹی اسٹورز اور پاسکو میں کرپشن تھی انہیں بھی بند کردیا۔
انہوں نے کہا کہ کوئی شک نہیں کہ ٹیکسز کم ہونے چاہئیں، ایک سال میں 50 ارب روپے اضافی شوگر سیکٹر سے جمع کیے، عبدالعلیم خان نے گزشتہ سال وزارت مواصلات کے ریونیو میں 60 ارب روپے کا اضافہ کیا، عبدالعلیم خان نے وزارت مواصلات میں چوری اور لیکجز کم کرکے ریونیو بڑھایا۔
وزیراعظم نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کردیا، ان کا کہنا ہے کہ 12 ارب روپے ماہانہ ریونیو آرہا ہے، انڈسٹری کیلئے ویلنگ چارجز 9 روپے سے کم ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ایکسپورٹرز کیلئے ٹیکس میں 3 فیصد کمی کا اعلان بھی کردیا، کہا کہ سب سیاست کریں لیکن یاد رکھیں پاکستان ہوگا تو سیاست ہوگی، فیلڈ مارشل کے خصوصی تعاون سے بہت معاملات کو حل کیا۔
Comments 0