دہشت گرد چند کوڑیوں کی خاطر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، انہیں مکمل نکیل ڈالیں گے ۔عطا اللہ تارڑ

دہشت گرد چند کوڑیوں کی خاطر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، انہیں مکمل نکیل ڈالیں گے ۔عطا اللہ تارڑ
لاہور(اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے سانحہ ترلائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد چند کوڑیوں کی خاطر مسلمانوں کا خون بہا رہے ہیں، ان کے گرد گھیرا تنگ ہو رہا ہے، انہیں مکمل نکیل ڈالیں گے، سانحہ ترلائی پر پورے ملک کی فضا سوگوار ہے، خود کش بمبار کی شناخت ہوچکی ہے، مزید تحقیقات جاری ہیں، ہمارا عزم بہت واضح ہے کہ دہشت گردوں کو نہیں چھوڑنا، دہشت گردوں کیلئے زمین تنگ کر دیں گے، ملکی سلامتی کے لیے پاک فوج قربانیوں کی داستانیں رقم کر رہی ہے، حکومت شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، سوگوار خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی ہدایت پر سانحہ ترلائی کے زخمیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ منہاج الحسین میں ڈاکٹر محمد حسین اکبر اور دیگر علما کرام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سانحہ ترلائی پر ملک بھر کی فضا سوگوار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں شرپسندی اوربدامنی پھیلانے کی ہر گز کسی کو اجازت نہیں دیں گے، واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے سانحہ ترلائی میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نمازیوں کو نشانہ بنانا نہایت بزدلانہ اور گھنائونا فعل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں امن و امان خراب کرنے اور فرقہ واریت پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں، ریاست عوام کے جان و مال اور عبادت گاہوں کے تحفط کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب اور دین نہیں ہوتا، ان کا کام صرف اور صرف اس طرح کے انسانیت سے گرے اور شرمناک فعل سر انجام دینا ہوتا ہے، چند کوڑیوں کی خاطر انسانیت کا قتل کرنے والے انسان نہیں بلکہ وحشی حیوان ہیں، ان کو انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کرنے والے عناصر کو غیر ملکی پشت پناہی حاصل ہے، دشمن پاکستان کے امن، یکجہتی اور ترقی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے، کسی صورت ملک میں شدت پسندی اور دہشت گردی کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ میں ملوث ان فتنہ خوارج کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا پیچھا کریں گے اور جلد ان کو کیفرِ کردار تک پہنچائیں گے، ان کے خاتمے میں ہی ملک و قوم کی بہتری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ترلائی کے خود کش بمبار کی شناخت ہو چکی ہے، خود کش بمبار نے افغانستان سے دہشت گردی کی کارروائیوں کی تربیت بھی حاصل کی، دھماکوں کے پیچھے بھارت اور افغانستان جیسے پلانٹڈ عناصر ملوث ہیں، فرانزک ٹیم اور سیکورٹی اداروں نے واقعہ کے شواہد حاصل کر لیے ہیں، مزید تحقیقات جاری ہیں، جلد حقائق عوام کے سامنے رکھیں گے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے امام بارگاہ کے منتظمین سے ملاقات کی، وزیراعظم نے واقعہ کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی ہدایت دیتے ہوئے ذمہ داران کے فوری تعین کا حکم دیا ہے، امام بارگاہ کے منتظمین کو ہر ممکن تعان اور تحقیقات کی یقین دہانی کروائی ہے۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.