اسلام آباد دھماکہ، 31 افراد شہید ، 169 زخمی، شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ

اسلام آباد دھماکہ، 31 افراد شہید ، 169 زخمی، شہر بھر میں ایمرجنسی نافذ
اسلام آباد (اے پی پی):اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں واقع امام بارگاہ خدیجۃ الکبریٰ میں جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والے خوفناک دھماکہ کے نتیجہ میں کم از کم 31 افراد شہید جبکہ 169 افراد زخمی ہو گئے، واقعہ کے بعد وفاقی دارالحکومت میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق جاں بحق اور زخمی افراد کو فوری طور پر پمز ، پولی کلینک ہسپتال، راول ہسپتال، نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ)اور ایچ بی ایس ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کے لئے ہنگامی اقدامات کئے گئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ تمام بڑے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل سٹاف اور انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ سینئر ہیلتھ افسران علاج معالجہ اور امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکے کو مبینہ خودکش حملہ قرار دیا جا رہا ہے تاہم واقعہ کی نوعیت اور حالات جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔دھماکہ کی جگہ کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے اور سکیورٹی فورسز نے اطراف کے علاقوں میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا موقع پر موجود ہیں اور سکیورٹی انتظامات سمیت تحقیقات کی نگرانی کر رہے ہیں۔واقعہ کے بعد آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے شہر میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام پولیس فارمیشنز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہیں تاکہ کسی بھی مزید ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ شہید ہونے والوں میں آئی جی اسلام آباد کے فرسٹ کزن بھی شامل ہیں جس پر پولیس فورس شدید رنج و غم کا شکار ہے۔پولیس حکام نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہریوں کے تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنے کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.