یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں ریلی کاانعقاد

یومِ یکجہتی کشمیر کے حوالے سے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں ریلی کاانعقاد
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں نواں کلی سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اسمبلی چوک پہنچی۔ ریلی میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں اور رہنمائوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جبکہ شرکا نے کشمیری عوام سے یکجہتی اور بھارتی مظالم کے خلاف نعرے لگائے۔اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بھارت پاکستان سے ہر محاذ پر شکست کھانے کے بعد اپنی ناکامی کا غصہ مظلوم کشمیری عوام پر نکال رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیاں اور شہری آزادیوں پر پابندیاں عالمی ضمیر کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ محض علاقائی تنازع نہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے، جسے اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں مثر کردار ادا کریں۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی اور یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر یہ عزم دہرایا گیا ہے کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی۔ ریلی کے اختتام پر شرکا نے امن، آزادی اور کشمیری عوام کی کامیابی کے لیے دعائیں بھی کیں۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.