یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پرصوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں بھرپور ملی جوش و جذبے کے ساتھ تقریبات، ریلیوں، سیمینارز اور خصوصی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ صوبے کے تمام اضلاع میں کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج ریکارڈ کرایا گیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔کوئٹہ میں صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی قیادت میں نواں کلی سے ایک بڑی ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی اسمبلی چوک پہنچی۔ ریلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان اور رہنماں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ بھارت ہر محاذ پر ناکامی کے بعد مظلوم کشمیری عوام پر ظلم ڈھا رہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عالمی ضمیر کے لیے سوالیہ نشان ہیں۔اسی طرح ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام صوبائی وزیر خوراک نور محمد دمڑ اور اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ کی قیادت میں کشمیریوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس میں سرکاری افسران، ملازمین اور شہریوں نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا۔کوئٹہ پریس کلب میں محکمہ کھیل و یوتھ افیئرز اور ہانر ڈیبیٹنگ سوسائٹی کے زیرِ اہتمام منعقدہ خصوصی پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر حاجی میر علی مدد جتک نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کے گلی کوچوں میں یومِ یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے اور بھارتی قبضہ کسی صورت قبول نہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں۔صوبے کے دیگر اضلاع سبی، بارکھان، زیارت، نصیرآباد، چمن ،پشین ،قلعہ سیف اللہ ،جعفرآباد، کوہلو، کچھی، تربت، لورالائی اور موسی خیل سمیت تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلیاں، سیمینارز اور تعلیمی اداروں میں تقاریب منعقد کی گئیں۔ ان تقریبات میں ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ضلعی افسران، قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ و طالبات اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ریلیوں کے دوران شرکا نے کشمیر بنے گا پاکستان، کشمیریوں کو حقِ خودارادیت دو اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ مختلف مقامات پر صبح دس بجے شہدائے کشمیر کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی جبکہ مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاں کا اہتمام بھی کیا گیا۔مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ مسئلہ کشمیر محض ایک علاقائی تنازع نہیں بلکہ ایک انسانی مسئلہ ہے جس کا حل اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ناگزیر ہے۔ انہوں نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کا فوری نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کریں۔تقریبات کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پاکستانی قوم کشمیری عوام کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی جدوجہد آزادی میں ہر فورم پر ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
Comments 0