یومِ الفتح کی مناسبت سے پیپلز علاقائی سیکرٹریٹ میں پروقار تقریب، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا خطاب

یومِ الفتح کی مناسبت سے پیپلز علاقائی سیکرٹریٹ میں پروقار تقریب، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کا خطاب
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں کامیابی کی دوسری سالگرہ کے موقع پر یومِ الفتح کی مناسبت سے پیپلز علاقائی سیکرٹریٹ میں منعقدہ پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حلقہ پی بی 39 کے عوام کا اعتماد، ووٹ اور بھرپور حمایت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ حلقے کے عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، وہ ان کے لیے ایک بڑی ذمہ داری ہے، جسے نبھانے کے لیے وہ شب و روز محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ انشاءاللہ عوام کی توقعات پر پورا اترنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں کو عملی شکل دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقے میں تعلیم، صحت، بجلی، انفراسٹرکچر اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ٹھوس بنیادوں پر کام جاری ہے، جبکہ نوجوانوں کے لیے اسپورٹس کمپلیکس کے قیام اور باعزت روزگار کے مواقع پیدا کرنے کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے پیپلز پارٹی کی سیاست کا محور ہیں اور خدمتِ خلق ہی ان کا نصب العین ہے۔ بخت محمد کاکڑ نے مزید کہا کہ عوام کی بلا تفریق خدمت پر یقین رکھتے ہیں اور اسی سوچ کے تحت ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی مخالفین ترقیاتی منصوبوں سے خائف ہو کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں، مگر ایسے ہتھکنڈے عوام کو گمراہ نہیں کر سکتے۔ آخر میں صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ انشاءاللہ حلقہ پی بی 39 کے عوام بہت جلد خوشگوار اور مثبت تبدیلی کو عملی طور پر محسوس کریں گے، اور پیپلز پارٹی عوامی خدمت کے سفر کو پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رکھے گی۔

Comments 0

Sort by:
Login to post a comment.