بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ نے کہاہے کہ مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے ضروری ہے مقبوضہ کشمیر میں مسلسل پابندیاں، آبادیاتی تبدیلی کی کوششیں اور شہری حقوق کی معطلی ایک خطرناک مثال قائم کر رہی ہیں، جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہو رہے ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے اپنے جاری کردہ پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل پابندیاں، آبادیاتی تبدیلی کی کوششیں اور شہری حقوق کی معطلی ایک خطرناک مثال قائم کر رہی ہیں، جس کے اثرات پورے خطے پر مرتب ہو رہے ہیں۔منظور احمد خان کاکڑ نے کہا کہ کشمیری عوام کا حقِ خودارادیت ایک تسلیم شدہ بین الاقوامی حق ہے جسے طاقت کے ذریعے دبایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ کشمیر کے مسئلے کو محض ایک سفارتی فائل کے طور پر نہ دیکھے بلکہ انسانی مسئلہ سمجھتے ہوئے عملی کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ وہ کشمیری عوام کی جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے اور ہر بین الاقوامی فورم پر ان کی آواز بلند کرتا رہے گا۔انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی آواز کو دبانے کی ہر کوشش ناکام ہو چکی ہے اور آزادی کی جدوجہد کسی صورت ختم نہیں کی جا سکتی۔
Comments 0